امدادی اشیا میں لحاف ، گرم کپڑے اور دیگر اشیا شامل ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت پاکستان کے صوبہ خیبرپختون خواہ میں ضرورت مندوں میں موسم سرما پروجیکٹ کے تحت گرم ملبوسات اور دیگر امدادی اشیا کی تقسیم کا کام جاری ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹرکے تحت ’موسم سرما‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم کے حوالے سے ’شانگلہ ‘ کے رہائشیوں میں لحاف ، گرم کپڑے اور دیگر ضروریات زندگی کی تقسیم جاری ہے۔
امدادی اشیا کی تقسیم کے حوالے سے سینٹر کی جانب سے جاری تیسری مہم کے دوران 254 پیکیٹ تقسیم کیے گئے جن سے 15 سو 24 افراد مستفیض ہونگے۔
واضح رہے امدادی اشیا کی تقسیم کے دوسرے مرحلہ میں ضرورت مند خاندانوں میں 244 پیکٹ تقسیم کیے گئے تھے جن میں گرم کپڑے، لحاف ، کمبل اور دیگر اشیا شامل تھیں۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں ضرورت مندوں میں امدادی اشیا تقسیم کی جاتی ہیں اس حوالے سے مختلف ممالک میں سعودی عرب کے سفارتخانوں کے تعاون سے یہ فلاحی کام انجام دیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سےزیادہ لوگوں تک امداد پہنچ سکے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے مستحق طلبا کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں درسی کتب اور دیگر تعلیمی مواد بھی فراہم کیاجاتا ہے جبکہ ایسے علاقے جہاں رہنے والوں کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہو وہاں مرکز کی جانب سے کنوئیں کھودنے کا کام بھی فلاحی بنیادوں پر کیاجاتا ہے ۔