Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت تو ہونی ہے، امید ہے ن لیگ اس پر سوچے گی‘

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا پاسپورٹ رواں برس 16 فروری کو منسوخ ہو جائے گا اور اس کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
پوری کوشش کررہے ہیں کہ نوازشریف کو واپس لائیں، برطانوی حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہے۔
جمعہ کو پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت تو ہونی ہے آج ہو یا کل ہو۔ امید ہے کہ مسلم لیگ ن اس پر سوچے گی۔
’مولانا فضل الرحمان کا اپوزیشن کو بند گلی میں لے جانے کا پلان ہے، اچھا سیاست دان کبھی بند گلی میں داخل نہیں ہوتا۔‘
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی کوئی سیٹ نہیں ہے اور نہ ہی ان کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار ہے۔
’عمران خان آٹا چوروں اور مافیا کے خلاف لڑ رہے ہیں، ان کے لیے آسانیاں پیدا ہو رہی ہیں اور وہ پانچ سال پورے کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جے یو آئی کے رہنما مفتی کفایت اللہ کا کیس خیبرپختونخوا حکومت کو بھجوادیا ہے۔‘
’سیاسی جماعتوں کو اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے مگر عسکری قیادت کے خلاف آزادی نہیں، پاک فوج کے خلاف بات کرنے اور کسی کو سازش کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ غیر شائستہ زبان استعمال کرنے والوں کےخلاف کارروائی کریں گے۔‘
’جو این جی اوز سیاست میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔‘
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ کرک واقعے کی مذمت کرتےہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ’مینئول پاسپورٹ آج سے ختم کر دیا گیا ہے۔‘

شیئر: