Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کے لیے ’ہاں‘ کہنے کے بعد خاتون پہاڑ سے نیچے جا گری

رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجیے میں خاتون کے منگیتر کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
لوگ شادی کی پیشکش کو یادگار بنانے کے لیے بہت جتن کرتے ہیں، لیکن کبھی کبھی منفرد نظر آنے کی اس دوڑ میں نقصان بھی اٹھانا پڑ جاتا ہے۔
کچھ ایسا ہی واقعہ آسٹریا میں اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون شادی کے لیے ’ہاں‘ کہنے کے بعد ایک پہاڑ کی چوٹی سے 650 فٹ نیچے کھائی میں جا گری اور ان کا منگیتر خاتون کو بچاتے بچاتے خود بھی پہاڑ کی چوٹی سے لٹکا رہا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق یہ جوڑا اس موقعے کو مختلف بنانے کے لیے ایک روز پہلے پہاڑ کی چوٹی پر پہنچا تھا۔

 

تاہم خاتون گرنے کے بعد معجزانہ طور پر اس لیے بچ گئیں کیونکہ نیچے نرم برف کی تہہ جمی ہوئی تھی۔ خاتون کے ساتھی نے ہاتھ پکڑنے کی کوشش کی لیکن اس پاؤں بھی پھسل گیا اور وہ 50 فٹ نیچے گرا جہاں پتھر پر ہاتھ کی مضبوط گرفت آنے کے باعث وہ مزید نیچے گرنے بچ گیا۔
اس جوڑے کی خوش قسمتی کہ دونوں کی اس حادثے میں جان بچ گئی۔ خاتون نیچے گرنے کے بعد برف پر بے سدھ پڑی تھیں کہ وہاں سے گزرنے والے ایک شخص نے دیکھنے کے بعد امدادی ٹیم کو اطلاع دی، جبکہ خاتون کے منگیتر کو ایک ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو کیا گیا۔
موقعے پر موجود ایک پولیس اہلکار نے ڈیلی میل کو بتایا کہ ’وہ دونوں بہت زیادہ خوش قسمت ہیں۔ اگر برف نہ ہوتی تو اس حادثے کے نتائج مختلف ہوتے۔‘
رپورٹ کے مطابق خاتون کو جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن ان کے منگیتر کی ریڑھ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔

شیئر: