دبئی: تین برس تک کرائے میں اضافے پر پابندی کا قانون
دبئی: تین برس تک کرائے میں اضافے پر پابندی کا قانون
اتوار 10 جنوری 2021 5:21
نئے قانون سے دبئی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ ( فوٹو: ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات، دبئی میں تین برس تک کرائے میں اضافے پر پابندی کے قانون کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔
دبئی میں غیر منقولہ جائیدادوں کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سلطان بطی بن مجرن نے بتایا کہ قانون کی تمام دفعات پر بحث مکمل کر کےاصولی منظوری دی گئی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق سلطان بطی نے بتایا ’نئے قانون میں کہا گیا ہے کہ مکانِ اور دکان کے مالک کو کرائے نامے پر دستخط کی تاریخ سے تین برس مکمل ہونے سے قبل اضافے کی اجازت نہیں‘۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ’ نیا قانون تیار ہو چکا ہے۔ اس کے لائحہ عمل کا نفاذ ہمارے ادارے اور کرایہ تنازعات نمٹانے والے مرکز کی جانب سے تمام دفعات کی منظوری کے بعد ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نئے قانون نے کرایہ دار اور مالک کے حقوق میں توازن قائم کیا ہے۔ قانون کی بعض دفعات کرایہ دار اور دیگر مالک کے حق میں ہیں۔ اگر کرایہ دار نے کرایہ ادا نہ کیا تو ایسی صورت میں مالک کو ایگزیکٹیو جج سے رجوع کرنے کا حق دیا گیا ہے‘۔
سلطان بطی نے توجہ دلائی کہ’ تین برس تک کرائے میں اضافے پر پابندی کی بدولت دبئی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ جائدادیں زیادہ سے زیادہ کرائے پر اٹھیں گی اور کرایہ دار چین کا سانس لیں گے‘۔
ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ ’نیا قانون ایسا ہے جس پر دنیا کے متعدد ملکوں میں پہلے سے ہی عمل ہو رہا ہے۔ امارات کی کئی ریاستوں میں بھی یہ قانون رائج ہے‘۔