Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لُوٹ مار کے پیسوں سے خیرات کرنے والے انڈین ’رابن ہڈ‘ کی گرفتاری

پولیس کے مطابق ملزم کا گینگ پوش علاقوں میں ان گھروں کو نشانہ بناتا تھا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جو گھروں میں مبینہ طور پر چوری کی وارداتیں کرکے مہنگی کاریں خریدتا تھا اور ’خیرات‘ بھی کرتا تھا۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ شخص ریاست بہار میں اپنے آبائی علاقے سے ضلعی الیکشن بھی لڑنے والا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ محمد عرفان نامی یہ شخص غریب لوگوں کا ’مسیحا‘ بننے کے لیے چوری کے پیسوں سے خیرات کرتا تھا اور ہیلتھ کیمپس بھی چلاتا تھا۔
دہلی کرائم برانچ ڈی سی پی مونیکا بھردواج نے کہا کہ ’رابن ہڈ‘ کے نام سے مشہور محمد عرفان کو رواں ہفتے ایک خفیہ اطلاع کے بعد گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق محمد عرفان سے ایک جیگوار اور دو نسان کاریں ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس کا گینگ پوش علاقوں میں ان گھروں کو نشانہ بناتا تھا جو بند ہوتے تھے، اور وہ صرف جیولری اور کیش چوری کرتے تھے۔
عرفان کی گرفتاری کے بعد پنجاب کے شہر جالندھر سے ان کے تین اور ساتھی بھی گرفتار ہوئے ہیں جنہوں نے گذشتہ برس ایک گھر میں نقب زنی کر کے ہیرے، زیورات اور 26 لاکھ کیش چوری کیا تھا۔
پولیس نے ملزم سے دو فرانسیسی پسٹلز اور جیولری بھی برآمد کی ہے۔
پولیس کے مطابق بہار میں نوجوانوں کا مقبول لیڈر بننے کے خواہش مند محمد عرفان نے زیادہ گھر نہیں لُوٹے تھے کیونکہ کورونا کی وبا کے باعث زیادہ تر لوگ اپنے گھروں ہی میں رہتے ہیں۔

شیئر: