کویت میں شہری نے غیرملکی خاتون کو قتل کے بعد گھر کے گارڈن میں دفنا دیا
کویت میں تین دن کے دوران یہ تیسرا سنگین واقعہ ہے (فائل فوٹو: الشرق الاوسط)
کویتی وزارت داخلہ ایک کویتی شہری سے فلپائنی خاتون پر تشدد اور قتل کے الزام میں تحقیقات کررہی ہے۔
کویتی شہری نے خود گرفتاری دی اور دو ماہ قبل قتل کے بعد خاتون کی نعش اپنے ولا کے گارڈن میں دفن کرنے کا اعتراف کیا۔
العربیہ اور کویتی میڈیا کے مطابق پبلک پراسیکیوشن، فارنسک ماہرین اور تفیش کاروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ قبر کشائی کرکے نعش کا معائنہ کیا۔
موت کی وجہ اور وقت کے تعین کےلیے نعش کو جنرل ڈیپارٹمنٹ اینڈ فارنسک میڈیسن میں منتقل کیا گیا ہے۔
کویتی میڈیا نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ’ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے جھگڑے اور ذاتی اختلاف کے دوران ایشیائی لڑکی پر تشدد کیا جس پر وہ بے ہوش ہوگئی۔‘
اس نے تھوڑی دیر کےلیے اسے چھوڑ دیا،جب واپس آیا تو اسے مردہ پایا۔ جرم کو چھپانے کےلیے گھر کے گارڈن میں دفن کرنے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے ’جرم کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہے، تفتیش کے بعد ملزم کو پبلک پراسیکوشن کے حوالے کیا جائے گا۔‘
کویت میں تین دن کے دوران یہ تیسرا سنگین واقعہ ہے، جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
پہلے واقعہ میں فلپائنی خادمہ نے اپنے کفیل کے نوزائیدہ بچے کو واشنگ مشین میں ڈال کر ہلاک کردیا تھا۔ دوسرے واقعہ میں کویتی شہری کو اس کے دوست نے گولی مار کر قتل کیا۔