50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر 40 ہزار ریال جرمانہ
’کورونا وائرس کے انسدادی تدابیر کے تحت 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شادی بیاہ یا تعزیت کے علاوہ دیگر معاشرتی تقاریب میں 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر جرمانہ ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’ایک مرتبہ پھر تاکید کی جا رہی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے تحت 50 سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔‘
’شادی بیاہ یا تعزیت کے علاوہ دیگر معاشرتی اجتماعات میں جہاں کہیں بھی 50 سے زیادہ افراد جمع ہوئے وہاں اہتمام کرنے والے کو 40 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘۔
’ایسے اجتماع میں شرکت کرنے والے کو بھی پانچ ہزار ریال جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔‘
’دوسری مرتبہ خلاف ورزی پر اجتماع بلانے یا سبب بننے والے کو 80 ہزار ریال جرمانہ جبکہ شرکت کرنے والوں کو 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔‘
’اگر اجتماع کسی تجارتی ہال میں ہوا تو پہلی مرتبہ خلاف ورزی پر جرمانے کے علاوہ اسے تین ماہ کے لیے بند کردیا جائے گا، دوسری مرتبہ جرمانے کے علاوہ 6 ماہ کے لیے بند کر دیا جائے گا۔‘