آکسیجن پر منحصر مریضوں کے لیے نئی سہولت
سعودی بجلی کمپنی نے نئی سروس ’اطمئن‘ کے نام سے شروع کی ہے- فوٹو: اخبار 24
بجلی جانے پر سب سے زیادہ وہ لوگ متاثر ہوتے ہیں جن کی زندگی کی سانسیں بجلی سے چلنے والے آلات سے جڑی ہوتی ہیں. ان میں مصنوعی آکسیجن پر گزارا کرنے والے سرفہرست آتے ہیں- سعودی بجلی کمپنی نے بجلی پر منحصر صارفین کے لیے ایک نئی سروس ’اطمئن‘ کے نام سے شروع کر دی ہے-
اخبار 24 کے مطابق بجلی کمپنی نے اطمینان دلایا ہے کہ اطمئن سروس میں اندراج کرانے والے صارف کی بجلی کسی بھی حالت میں منقطع نہیں ہوگی- وہ خدانخواستہ بل ادا نہ کرسکا ہو تب بھی اسے بجلی سے محروم نہیں کیا جائے گا- سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ سروس کس طرح حاصل کی جاسکتی ہے۔
بجلی کمپنی نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ سروس حاصل کرنے کے لیے صارف کو کسی سرکاری ہسپتال سے جاری کردہ میڈیکل رپورٹ پیش کرنا ہوگی- رپورٹ میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ صارف یا اس کی فیملی کے متعلقہ فرد کی زندگی بجلی سے چلنے والی مشین پر منحصر ہے- اس سروس کی شروعات میں صارف کو سابقہ بل ادا کرنا ہوں گے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں