Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان میں ملازمت، نمل یونیورسٹی سے مفت جاپانی کورس کی پیشکش

جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لیے ملازمتوں کے بڑی تعداد میں مواقع موجود ہیں (فری پک)
اگر آپ نے کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی یا ٹیلی کمیونیکیشن میں ایم ایس، ماسٹرز اور بی ایس کر رکھا ہے اور آپ جاپانی زبانی سیکھنا چاہتے ہیں تو نمل سے پانچ ہفتے کے کورس کی آدھی فیس ادا کرکے آن لائن کورس میں داخلہ لیں۔
امتحان پاس کرنے کی صورت میں ادا کی گئی آدھی فیس بھی واپس مل جائے گی۔
اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن نے مستقبل قریب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لیے ملازمتوں کے مواقع کو مدنظر رکھتے ہوئے جاپانی زبان کے کورسز کروانے کا سسلسلہ شروع کیا ہے۔
ڈائریکٹر او ای سی سجاد قاضی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز اسلام آباد اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے اشتراک سے جاپانی زبان کا کورس شروع کیا جا رہا ہے۔ کورس کی فیس 11 ہزار روپے ہے لیکن او ای سی داخلہ کے اہل طلبہ سے نصف فیس یعنی ساڑھے پانچ ہزار روپے وصول کرے گا۔ باقی نصف اپنے پاس سے شامل کرکے نمل کو 11 ہزار روپے ادا کرے گا۔‘
او ای سی نے اعلان کیا ہے کہ ’جو طلبہ اس امتحان کو پاس کرلیں گے اور ان کو ادا کی گئی نصف فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔ یوں وہ مفت میں جاپانی زبان سیکھ سکیں گے۔‘
ڈائریکٹر او ای سی کا کہنا ہے کہ ’نصف فیس وصول کرنے کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ کورس میں دلچسپی لیں تاکہ امتحان پاس کرنے کی صورت میں نصف فیس واپس مل جائے۔ جو طلبہ بھی امتحان پاس نہیں کر سکیں گے ان کو فیس واپس نہیں ملے گی۔‘

300 طلبہ کے اس کورس کا مجموعی خرچ 33 لاکھ روپے بنتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

پہلے مرحلے کے کورس کے لیے درخواست دینے کی تاریخ 22 جنوری 2021 مقرر کی گئی ہے۔ درخواست دینے والے طلبہ کی شارٹ لسٹنگ کا کام نمل کرے گا جس کے بعد آدھی فیس وصول کی جائے گی۔
پانچ ہفتے کے اس ابتدائی کورس کی روزانہ چار کلاسز ہوا کریں گی۔ صبح 9 سے 12 تک 75، 75 طلبہ کی دو الگ الگ کلاسز جبکہ شام تین سے چھ بجے تک بھی اسی تعداد کی دو الگ الگ کلاسز ہوں گی۔
300 طلبہ کے اس کورس کا مجموعی خرچ 33 لاکھ روپے بنتا ہے جس میں داخلے کے وقت او ای سی 16 لاکھ 50 ہزار اپنی طرف سے یونیورسٹی کو ادا کرے گا۔ کورس مکمل کرنے کے بعد جتنے طلبہ بھی کورس مکمل کریں گے ان کو فی کس ساڑھے پانچ ہزار روپے بھی واپس کر دیے جائیں گے۔

پانچ ہفتے کے کورس کی روزانہ چار کلاسز ہوا کریں گی (فوٹو: فری پک)

یاد رہے کہ جاپان میں پاکستانی آئی ٹی ماہرین کے لیے ملازمتوں کے بڑی تعداد میں مواقع موجود ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان اور جاپان کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہو چکے ہیں۔ جاپانی زبان کا یہ کورس کورونا اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر تاخیر سے شروع ہو رہا ہے۔ حکام پر امید ہیں کہ جلد ہی آئی ٹی ماہرین جاپان میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہوں گے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں