’اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی‘
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ’تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں، بیرون ملک سے آنے والوں کو دی جانے والی سہولیات میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بدھ کے روز اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، ڈی جی امیگریشن، اور ایف آئی اے کے حکام بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’مسافروں کا بہترین طریقے سے خیال رکھنے کے لیے ایف آئی اے، امیگریشن، اے ایس ایف اور محکمہ کسٹمز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔‘
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’152 ملکوں کے لیے آن لائن ویزہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ آن لائن ویزہ کے لیے کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر کوئی آدمی سٹیکر کا پوچھے تو ان سے براہ راست رابطہ کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ای پاسپورٹ دو ماہ تک لوگوں کو مل جائے گا، جبکہ مزدوروں کے لیے پاسپورٹ کی مدت دس سال کر دی گئی ہے۔‘
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ نادرا روزانہ ایک لاکھ شناختی کارڈ بنائے گا اور پہلا شناختی کارڈ مفت ہو گا۔
’تمام اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ’انہیں ایئرپورٹ پر بہترین سہولیات ملیں گی۔‘