مکہ میں صفائی کے فقدان پر جوس کی مشہور دکان بند
’جوش کی مشہور دکان میں صفائی کے علاوہ متعدد خلاف ورزیاں پکڑی گئیں‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ میونسپلٹی نے الشرائع میں واقع جوس کی مشہور دکان سمیت دیگر دکانوں کو عدم صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الشرائع محلے میں واقع دکانوں کی چیکنگ کے دوران متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں، اسی طرح متعدد دکانوں کو جرمانے بھی کیے گئے۔
میونسپلٹی کی جانب سے کہا گیا ہے ’چیکنگ کے دوران جوس کی معروف دکان میں صفائی کی کمی، ضابطوں کی خلاف ورزی اور کارکنوں کے پاس میڈیکل کارڈ کی غیر موجودگی سامنے آئی۔‘
جس کی وجہ سے دکان کو سر بمہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مالکان کو بلدیہ دفتر سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’گوشت فروخت کرنے کے علاوہ متعدد دیگر دکانوں پر بھی جرمانے عائد کیے گئے۔‘
بلدیہ نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’کسی بھی دکان میں کوئی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر اطلاع دیں۔‘
بلدیہ کی جانب سے صارفین کی صحت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سب کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی۔