Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر معمولی بھیڑ لگنے پر الخرج کے شاپنگ مال کا رعایتی میلہ معطل

تشہیری مہم سے متاثر ہوکر رہائشیوں کی بڑی تعداد مال پہنچ گئی جہاں غیر معمولی ازدحام ہوگیا ( فوٹو: سبق)
کورونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والی کمیٹی نے الخرج شہر میں واقع ایک شاپنگ مال کا رعایتی میلہ اور اس کے تحت ہونے والی سرگرمی معطل کردی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ شاپنگ مال نے اپنی تاسیس کی سالانہ یاد کی تقریب میں غیر معمولی رعایت کے اعلان کے علاوہ بچوں کے لیے مختلف مفت سرگرمیاں رکھی تھیں۔
تشہیری مہم سے متاثر ہوکر الخرج کے علاوہ قرب وجوار کے رہائشیوں کی بڑی تعداد مال پہنچ گئی جس کے باعث وہاں غیر معمولی ازدحام ہوگیا۔
گورنریٹ کے تحت الخرج کمشنری، وزارت صحت، بلدیہ اور پولیس کے علاوہ دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی جو کورونا کے انسداد کے لیے کام کر رہی ہے نے شاپنگ مال کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کی ہیں۔
مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’مختلف صارفین کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ اطلاع ملی کہ مذکورہ شاپنگ مال میں غیر معمولی رعایت اور مفت کھیلوں کی وجہ سے لوگوں کی غیر معمولی بھیڑ لگ رہی ہے‘۔
’شاپنگ مال میں گنجائش کے مقابلے میں جس تعداد کو اندر آنے کی اجازت تھی، اس کا پاس و لحاظ رکھے بغیر غیر محدود لوگوں کو آنے کی اجازت دی گئی‘۔
’اس کے باعث مال کے کسی بھی حصے میں سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ممکن نہیں تھا۔ علاوہ ازیں بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے سے ماسک کی بھی پابندی کروانا نہیں ہوسکا‘۔
’کمیٹی نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے مختلف اداروں کے تعاون سے فوری مداخلت کی اور مال کی انتظامیہ میں تمام سرگرمیاں معطل اور دکانیں بند کروادی گئیں‘۔

’غیر معمولی رعایت اور مفت کھیلوں کی وجہ سے شاپنگ مال میں لوگوں کی بھیڑ لگ گئی تھی‘ ( فوٹو: سبق)

کمیٹی نے کہا ہے کہ ’وزارت داخلہ نے شاپنگ مال اور دکانوں کے حوالے سے جن ضابطوں کا اعلان کر رکھا ہے اور جو ابھی تک نافذ العمل ہیں، ان کی صریح خلاف ورزی اور صارفین کے لیے خطرات پیدا کرنے پر مال کے خلاف کارروائی ہوگی‘۔
’انتظامیہ کے تمام افراد کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہےتاکہ ذمہ داری کے حساب سے ان کا مواخذہ ہو‘۔
کمیٹی نے یاد دلا ہے کہ ’سماجی فاصلہ اور گنجائش کے حساب سے دکان میں اندر آنے کے ضابطوں کی خلاف ورزی پر وزارت داخلہ نے ہر اضافی فرد پر 5 ہزار ریال جرمانہ مقرر کیا ہے‘۔
 
 

شیئر: