حکام کے مطابق 36 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 84 ریال کردی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب میں سفارت خانے اور قونصلیٹ کی جانب سے 2021 کے لیے پاسپورٹ فیس کا نیا شیڈول جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق فیسوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔
نئے جاری ہونے والے شیڈول میں پانچ سال کے لیے تجدید کیے جانے والے 36 صفحات کے پاسپورٹ کی فیس 84 ریال کردی گئی ہے جوکہ سال 2020 میں 86 ریال تھی۔
قونصلیٹ جنرل جدہ میں متعین پریس قونصل حمزہ گیلانی نے اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فیس میں کی جانے والی کمی پاکستان میں ڈالر کی قیمتوں میں ہونے والے ردوبدل کے تناظر میں کی گئی ہے۔‘
ڈالر کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی کی وجہ سے پاسپورٹ کی فیس بھی اسی حساب سے کم کی گئی ہے۔
پریس قونصل کا مزید کہنا تھا کہ ’وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے جس کمی کا عندیہ دیا گیا ہے اس بارے میں تاحال نوٹی فیکیشن جاری نہیں کیا گیا نہ ہی وزارت خارجہ نے اس بارے میں کسی قسم کی ہدایات جاری کی ہیں۔‘
واضح رہے کہ پاکستانی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ’وزیراعظم کی جانب سے خصوصی ہدایات پر تارکین وطن کو مزید مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں بیرون ملک خاص کر مشرق وسطٰی میں مقیم تارکین کے لیے دس سال کے پاسپورٹ کی فیس 3 ہزارروپے کی جائے گی۔‘
سعودی عرب میں سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے فیس شیڈول کے مطابق 10 سال کے لیے نارمل پاسپورٹ کی فیس 152 ریال مقرر کی گئی ہے جو کہ گذشتہ برس 155 ریال تھی۔
36 صفحات کا ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے کے لیے اب 140 ریال ادا کرنا پڑیں گے جبکہ گذشتہ برس اس کی فیس 143 ریال تھی، جبکہ 36 صفحات کے 10 سالہ ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس 257 ریال سے کم کرکے 252 ریال کردی گئی ہے۔
72 صفحات کے 5 سالہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 158 ریال سے کم کرکے 154 ریال جبکہ ارجنٹ کی فیس 252 ریال کی گئی ہے جوکہ گذشتہ برس 257 ریال تھی۔
اسی طرح 72 صفحات پر مشتمل 10 سالہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 283 ریال سے کم کر کے 278 ریال کی گئی جبکہ اس کیٹیگری کا ارجنٹ پاسپورٹ بنوانے کے لیے 454 ریال فیس مقرر کی گئی ہے جوکہ گذشتہ برس 463 ریال تھی۔
سو صفحات پر مشتمل نارمل پاسپورٹ کی فیس 168 ریال کی گئی ہے اسی کیٹیگری کے لیے 10 سالہ نارمل پاسپورٹ کی فیس 303 ریال جبکہ ارجنٹ کی 605 ریال کردی گئی ہے جوکہ پچھلے سال بلترتیب 309 اور 617 ریال تھی۔