چاند مسجد الحرام میں کعبہ کے عین اوپر نمودار
کعبہ کی طرف رخ کر کے پوری دنیا کے مسلمان عبادت کرتے ہیں۔ (فوٹو: سعودی قران ٹی وی)
مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے عین اوپر مکمل چاند نمودار ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کے پہلے گھنٹے میں حرم میں موجود لوگوں نے یہ منظر دیکھا ہے۔
اس سے پہلے جدہ آسٹرنومی ایسوسی ایشن کے صدر ماجد ابو زهرة نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر بتایا کہ ’سعودی عرب کے وقت کے مطابق رات 12 بج کر 43 منٹ پر کعبہ کے ساتھ چاند کی صف بندی ہو گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’چاند زمین سے تین لاکھ 81 ہزار ایک سو 25 کلومیٹر کے فاصلے پر 99 فیصد سے زیادہ روشن ہو گا۔ یہ پوری رات نمایاں رہے گا اور جمعے کی صبح سورج کے نکلتے ہی ڈوب جائے گا۔‘
مسجد الحرام کے مرکز میں واقع کعبہ کی طرف رخ کر کے پوری دنیا کے مسلمان عبادت کرتے ہیں۔
اس کی سیدھ کی وجہ سے اس کی سمت کا پتا لگانا آسمان دیکھنے کے شوقین افراد کے لیے آسان ہے۔
ماجد ابو زهرة کے مطابق ’چاند ان کی مکہ کی جانب اتنی ہی درستگی کے ساتھ رہنمائی کرتا ہے جیسے سمارٹ فونز کی ایپلیکشنز کرتی ہیں۔‘