Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تانڈوو تنازع: سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور بھی پریشان

سیف علی خان کی والدہ انہیں عوامی بیانات میں محتاط رہنے کی تاکید کرتی رہی ہیں۔ (فوٹو: فیس بک، سیف علی خان)
انڈیا میں نئی ویب سریز’تانڈوو‘ کی ٹیم کو درپیش قانونی مسائل کے سلسلے میں بگڑتی ہوئی صورتحال نے سیف علی خان کے اہلخانہ بالخصوص ان کی والدہ کو پریشان کر رکھا ہے۔
ماضی کی اداکارہ 76 سالہ شرمیلا ٹیگور اس بات سے بے حد پریشان ہیں کہ اس ویب سریز کے خلاف ہونے والی قانونی کارروائی کہاں تک جائے گی جبکہ عدالت نے تمام اداکاروں کی پیشگی ضمانت دینے سے بھی انکار کردیا ہے۔
سیف علی خان کے قریبی فیملی ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں بھی بالی وڈ اداکار سیف علی خان کی والدہ اکثر ان کو اپنے عوامی بیانات میں محتاط رہنے کی تاکید کرتی رہی ہیں۔ اداکار سیف علی خان کو ان تمام قانونی مشکلات کا سامنا ایسے وقت میں کرنا پڑ رہا ہے جب وہ اور ان کی اہلیہ کرینہ کے ہاں فروری میں ان کے بچے کی ولادت بھی متوقع ہے۔
تانڈوو ویب سریز کے تجربے کے بعد سیف نے دیے جانے والے کرداروں کے سکرپٹس پہلے والدہ کو پڑھوانے اور ان کے مشورے سے ہاں یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تانڈوو سیریز کے حوالے سے سامنے آنے والے تنازع سے سیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور کی صحت پر بھی منفی اثر پڑا ہے۔  
ایک انٹرویو میں شرمیلا نے سیف کے کردار کے انتخاب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سیف بحیثیت اداکار خطرہ مول لینے سے نہیں ڈرتا ہے وہ ہمیشہ اس میں غیر روایتی رہا ہے یہ کبھی کبھی مشکل بھی ہو سکتا ہے۔‘
یاد رہے انڈیا میں نئی ویب سیریز 'تانڈوو' کے ہدایت کار کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد بھی اس سے منسلک تنازع کم ہوتا نظر نہیں آ رہا ۔فلم سے منسلک بہت سے لوگوں کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر اس سیریز پر پابندی کے ساتھ ساتھ او ٹی پی پلیٹ فارم امیزون کے بائیکاٹ کی بات بھی کی جا رہی ہے۔

شیئر: