دو دنوں میں پی آئی اے کے دو فضائی میزبان کینیڈا میں لاپتہ، تحقیقات شروع
پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اب فضائی میزبان اپنا پاسپورٹ سٹیشن مینیجر کے پاس جمع کروائیں گے۔ فوٹو: روئٹرز
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنر (پی آئی اے) کی ایک اور فضائی میزبان کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے لاپتہ ہوگئی ہیں۔
پی آئی اے کے ترجمان نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زاہدہ بلوچ نامی ایئر ہوسٹس 29 جنوری کو کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پرواز میں فضائی میزبان تعینات تھیں، 31 جنوری کو طیارے کی پاکستان واپسی پر فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا علم ہوا۔‘
ترجمان کے مطابق ’پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین امیگریشن اتھارٹی کو بھی فضائی میزبان کی گمشدگی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ جبکہ فضائی میزبان کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ تین دنوں میں پی آئی اے کے فضائی میزبان کے لاپتہ ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل 29 جنوری کو پی آئی اے انتظامیہ نے اسلام آباد سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات رمضان گل نامی فلائیٹ سٹیورڈ کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
پی آئی اے نے دو فضائی میزبانوں کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی آئی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس ضمن میں نئے ایس او پیز متعارف کروائے جا رہے ہیں جس میں فضائی میزبان اپنا پاسپورٹ سٹیشن مینیجر کے پاس جمع کروائیں گے جبکہ ہوٹل سکیورٹی بھی فضائی عملے کی ہوٹل میں موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔