Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امید ہے امارات کو امریکی ایف 35 طیارے جلد ملیں گے‘

یوسف العتیبہ کے مطابق انہیں یقین ہے کہ جائزے کے بعد عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا (فوٹو: گیٹی امیجز)
امریکہ میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے کہا ہے کہ ’انہیں یقین ہے کہ صدر جو کی بائیڈن انتظامیہ کے جائزے کے بعد یو اے ای کو ایف 35 طیارے دے دیے جائیں گے۔‘
امریکہ کے کچھ اتحادیوں کی ہتھیاروں کے حوالے سے فروخت اس وقت التوا میں ہے۔
یو اے ای نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کے آخری روز 50 ایف 35 جہاز، 18 ڈرونز اور کچھ دوسرا دفاعی سامان خریدنے کا معاہدہ کیا تھا جو کہ 23 ارب ڈالر کا تھا۔
یوسف العتیبہ نے پیر کے روز واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ فورم میں جائزے کو ضابطے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے تمام مراحل پورے کیے ہیں اور جائزے کی کارروائی پوری ہوتے ہی عمل درامد شروع کر دیا جائے گا۔‘
گذشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک افسر نے کہا تھا کہ ’جو بائیڈن انتظامیہ اتحادیوں کو فروخت کیے جانے والے اسلحے کے سودوں کا جائزے لینے کے لیے انہیں عارضی طور پر روک رہی ہے۔‘
العتیبہ کے مطابق ’جائزے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد کا سلسلہ بھی جاری ہے اور میں پراعتماد ہوں کہ یہ درست طور پر انجام کو پہنچے گا۔‘
یاد رہے کہ امریکہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو ایف 35 جہاز دینے کا وعدہ اس وقت کیا گیا تھا جب اس کی طرف سے گذشتہ برس اگست میں اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے گئے تھے۔
گذشتہ سال دسمبر میں امریکی سینیٹ نے اس معاملے کو روکنے کی کوششوں کو مسترد کر دیا تھا جن میں مخالفین کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ’مشرق وسطیٰ میں یہ سامان غلط ہاتھوں میں نہ جانے یا تیل کی پیداوار اور قیمتوں کے عدم استحکام کی ضمانت نہیں دی گئی ہے۔

شیئر: