ایران ایٹمی طاقت بننے پر قبضے سے نکل جائیگا، الجبیر
ریاض ..... سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ایران جوہری بم کے بغیر پرخطر بنا ہوا ہے۔ ایٹمی طاقت بن گیا تو قابو سے باہر ہوجائیگا۔ اصل مسئلہ جوہری طاقت بننے کا نہیں بلکہ اس کے عملی رجحان کا ہے۔ وہ بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر ”ایران کے ایٹمی طاقت بننے کے مخالف ممالک کی تنظیم “ کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عادل الجبیر نے کہا کہ ایران خطے میں جارحانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وہ شام میں نسلی تطہیر کے جرم کا مرتکب ہورہا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی حکمراں شام کو حزب اللہ کے گیٹ کے طور پر استعمال کررہے ہیں او رشام کے مختلف علاقوں میں نسلی تطہیر کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ امریکہ میں متعین بحرینی سفیر شیخ عبداللہ آل خلیفہ نے کہا کہ ایرانی خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے تہران کے نظام میں تبدیلی لانا ہوگی۔ ایرانی عوام زیادہ بہتر زندگی اور زیادہ بہتر حکومت کے حقدار ہیں۔ واشنگٹن میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ نے کہا کہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی لانے کیلئے ایران پر خارجی دباﺅ ناگزیر ہے۔یہ دباﺅ امریکہ ہی نہیں بلکہ یورپی اور ایشیائی ممالک کو بھی ڈالنا ہوگا۔ اب تک ایران کے رویئے میں ایٹمی معاہدے کے حوالے سے کوئی عملی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی۔