پاکستان نے سعودی شہریوں کے لیے وزٹ، ٹرانزٹ اور ٹورسٹ ویزا فیس ختم کر دی
پاکستان نے سعودی شہریوں کے لیے وزٹ، ٹرانزٹ اور ٹورسٹ ویزا فیس ختم کر دی
بدھ 3 فروری 2021 0:44
خالد خورشید -اردو نیوز، جدہ
ای ویزے اور فیس کے خاتمے سے سعودی عرب سے پاکستان جانے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے: فوٹو فری پکس
پاکستان نے سعودی شہریوں کے لیے وزٹ، ٹورسٹ اور ٹرانزٹ ویزے کی فیس ختم کر دی ہے جبکہ ورک اور بزنس ویزے کی فیس برقرار رہے گی۔
سفارتخانے اور قونصلیٹ کی جانب سے سعودی شہریوں کے لیے 2021 کے لیے ای ویزہ فیس کا جو چارٹ جاری کیا ہے اس کے تحت وزٹ، ٹورسٹ اور ٹرانزٹ ویزہ فری ہوگا تاہم 9 ڈالر (36 ریال) پراسیسنگ فیس کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ ورک اور بزنس ویزے کے لیے سنگل انٹری ( 30 سے 90 دن) سو ڈالر، ایک سال کے لیے ملٹی پل ویزہ ایک سو پچاس ڈالر جبکہ دو سال کے لیے ملٹی پل ویزے کی فیس دو سو ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی شہریوں کے لیے وزٹ، ٹرانزٹ اور سیاحتی ویزہ فیس ختم کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ’ سعودی شہریوں کے لیے اب وزٹ، ٹرانزٹ اور سیاحتی ویزہ کسی فیس کے بغیر جاری کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی حکومت نے ملک میں سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لیے ویزے کا حصول آسان بنایا ہے۔‘
قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ای ویزے اور فیس کے خاتمے سے سعودی عرب سے پاکستان جانے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
فی الوقت جدہ قونصلیٹ سے ہر ہفتے 16 سے 20 ویِزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ کورونا اور سفری پابندیوں کے باعث اس میں کمی آئی ہے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا او ر مصر نے بھی سعودی شہریوں کے لیے ویزہ فیس ختم کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ دسمبر 2018 سے قبل سعودی شہریوں کے لیے پاکستانی وزٹ ویزے کی فیس 3600 ریال جبکہ بزنس وزٹ ویزے کی فیس 5000 ہزار ریال تھی جسے کم کرکے وزٹ ویزے کے لیے 225 اور بزنس ویزے کی فیس 337 ریال مقرر کی گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے سعودی شہریوں کے لیے وزٹ ویزہ فیس کم کیے جانے کے بعد سعودی عر ب نے بھی پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزا فیس میں کمی کر دی تھی۔
پاکستانی شہریوں سے وزٹ ویزے کے لیے دو ہزار ریال فیس لی جاتی تھی جسے کم کرکے سنگل انٹری کے لیے 338 ریال جبکہ ملٹی پل انٹری کے لیے تین ہزار سے کم کرکے 675 ریال کردیا گیا تھا جس سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو کافی سہولت ملی تھی۔