چینی شہری دیکھتے ہی دیکھتے گہرے پیلے رنگ کا ہو گیا، ڈاکٹر حیران
ڈو نامی مریض تیس سال سے سگریٹ نوشی کا عادی ہے (فوٹو: فری پک)
چین میں شعبہ طب کا انوکھا کیس اس وقت سامنے آیا جب دیکھتے ہی دیکھتے ایک شخص کی جلد کی رنگت گہری زرد ہو گئی۔
این ڈی ٹی وی نے دی سن کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ شائع کی ہے جس کے مطابق چین میں سوشل میڈیا پر ایک شخص کی تصویریں وائرل ہوئی ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کی گردن اور نیچے کا حصہ گہرا پیلا ہے۔
خبر کے مطابق ساٹھ سالہ ڈو جو گذشتہ تیس سال سے سگریٹ نوشی کر رہے ہیں، کو اس وقت حیرانی ہوئی جب ان کا رنگ تیزی سے بدلنا شروع ہوا اور چند ہی گھنٹے میں مکمل طور پر بدل گیا۔
وہ ہوائین کے ہسپتال میں پہنچے جہاں پہلے تو ڈاکٹر انہیں دیکھ کر حیران ہوئے تاہم بعد ازاں طبی معائنوں سے معلوم ہوا کہ ڈو کے لبلبے میں رسولی ہے اور سائز میں کافی بڑی ہے کہ اس نے پتے کی نالیوں کو بلاک کر دیا ہے اور اس کی وجہ سے اس کے جسم میں بلیروبن پیدا ہوا، جو زرد رنگ کا ہوتا ہے اور خون کے سرخ خلیوں میں خرابی کی صورت میں بنتا ہے، اسی کی وجہ سے یرقان بھی ہوتا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ’برسوں تک سگریٹ اور شراب نوشی کی وجہ سے ٹیومر بڑھتا گیا۔ ڈاکٹرز نے آپریشن کر کے ٹیومر کو ہٹا دیا جس کے بعد ڈو کی رنگت واپس معمول پر آنا شروع ہو گئی ہے۔‘
تاہم ڈاکٹروں کی طرف سے ان کو ہدایت کی گئی کہ سگریٹ نوشی چھوڑ دیں کیونکہ رسولی کو دوبارہ بننے سے روکنے کے لیے یہ ضروری ہے۔ اس پر ڈو کا کہنا ہے کہ ’وہ اس کا ارادہ کر چکے ہیں۔‘
یہ پہلی بار نہیں کہ کسی حیران کن طبی حالت نے سوشل میڈیا پر اہمیت اختیار کی ہو۔
پچھلے سال ڈاکٹروں نے ایک 61 سالہ مریضہ کا جگر ٹرانسپلانٹ کرنے سے اس لیے انکار کر دیا تھا کہ اس وقت ان کے جسم میں الکحل موجود تھی۔ اس پر مریضہ کا کہنا تھا کہ ’وہ شراب نوشی نہیں کرتیں۔‘ بعد ازاں ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ ’ان کا مثانہ خود الکحل پیدا کر رہا تھا جو کہ ڈاکٹروں کے لیے حیران کن تھا۔‘