شمسی توانائی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی اجازت
وزارت کی جانب سے بجلی کے جنرل نیٹ ورک سے جوڑنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے (فوٹو: العربیہ)
سعودی وزارت توانائی نے بجلی پیدا کرنے کے لیے شمسی توانائی کے استعمال کی اجازت دی ہے۔
وزارت توانائی کی جانب سے گھروں یا اداروں سے صارفین کو بجلی تیار کرنے اور اسے بجلی کے جنرل نیٹ ورک سے جوڑنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ’شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے چھوٹے چھوٹے پروجیکٹس کے منافع بخش ہونے کا پتہ لگانے کے لیے خصوصی میٹر فراہم کیے جائیں گے۔‘
’یہ پتہ لگایا جائے گا کہ اس پر کتنی لاگت آ رہی ہے جبکہ گھروں اور اداروں میں شمسی توانائی سے بجلی کے پیداواری نیٹ ورک کو جنرل نیٹ ورک سے محفوظ طریقے سے جوڑنے کی تدابیر بھی متعین کی جائیں گی۔‘
شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے پروجیکٹ میں وزارت توانائی کے علاوہ بلدیاتی و دیہی و آباد کاری امور کی وزارت، وزارت تجارت، پانی و بجلی کو منظم کرنے والا ادارہ، کنگ عبداللہ ایٹمی اور تجدد پذیر توانائی کا ادارہ اور سعودی سٹینڈرڈ آرگنائزیشن شامل ہیں۔
وزارت توانائی کے مطابق ’ اس پروجیکٹ کے لیے تجربہ کار کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کا انتخاب کیا جائے گا اور ’شمسی گیٹ‘ بھی جاری کیا جائے گا۔