احتیاطی تدابیر کے ساتھ ڈھائی ماہ بعد مساجد میں پہلی نماز جمعہ
احتیاطی تدابیر کے ساتھ ڈھائی ماہ بعد مساجد میں پہلی نماز جمعہ
جمعہ 5 جون 2020 14:35
مسجد نبوی الشریف میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے نماز جمعہ ادا کی (فوٹو، عاجل نیوز)
سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاو کےلیے تقریبا ڈھائی ماہ کی پابندیوں کے بعد مساجد میں پہلی جمعہ کی نماز مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ادا کی گئی۔
مدینہ گورنریٹ کے ٹویٹرپر جاری اطلاع کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں انتظامیہ کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے کیے جانے والے انتظامات مثالی تھے ۔
مسجد نبوی الشریف میں نمازیوں نے سماجی فاصلے کے اصولوں پر مکمل طورعمل کیا۔ مسجد نبوی الشریف کے بیرونی صحن بھی نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔
دریں اثنا عاجل ویب نیوز کے مطابق مسجد نبوی الشریف میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے نماز جمعہ ادا کی ۔ مسجد کے اندرونی اور بیرونی صحن نمازیوں سے بھرے تھے جبکہ فاصلے کے اصول پرسختی سے عمل درآمد کیاگیا۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے چھوٹی مساجد جہاں عام دنوں میں نماز جمعہ ادا نہیں کی جاتی میں بھی عارضی طور پر جمعہ نماز ادا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے اس ضمن میں مملکت کے تمام شہروں میں 4 ہزار کے قریب مساجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کے انتظامات کیے گئے تھے۔
ادارہ امور صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مختلف شہروں میں لوگوں نے مساجد میں نماز جمعہ ادا کی۔ مساجد کے وضوخانے بدستور بند رہے جبکہ ہر شخص ہدایات پرعمل کرتے ہوئے اپنی جائے نماز ہمراہ لایا جبکہ ماسک کی پابندی پر بھی عمل کیاگیا۔
مساجد کی انتظامیہ کی جانب سے صفوں میں فاصلے کے اصول کو مدنظررکھتے ہوئے ہدایات کے مطابق درمیانی صف ختم کرنے کے علاوہ نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے صف بندی کےلیے نشانات لگائے گئے تاکہ نمازی ان نشانات کی پابندی کرتے ہوئے صف بنائیں۔
جدہ گورنریٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر کی تمام مساجد میں نماز جعمہ کے اجتماعات ضوابط کے مطابق ہوئے ، بیشتر مساجد کی انتظامیہ نے آنے والے نمازیوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کا بھی انتظام کیا تھا۔چھوٹی مساجد میں نماز جمعہ کی اجازت دینے سے لوگوں کو کافی سہولت ہوئی جس کے باعث جامع مساجد میں ازدحام کی کیفت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے ائمہ کو خصوصی ہدایات کی گئی تھی کہ نماز جمعہ کےلیے خطبہ اور نماز کا دورانیہ 15 منٹ سے زائد کا نہ ہو جس پر آئمہ نے عمل کرتے ہوئے خطبہ جمعہ اور نماز 15 منٹ کے اندر پڑھائی۔
خطبہ جمعہ وزارت اسلامی امور کی ہدایات کے مطابق کورونا کی وبا اور اس سے بچاو کے حوالے سے دیا گیا جس میں آئمہ نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں خاص کر سماجی فاصلوں اور گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔
خطبے میں مزید کہا گیا کہ معمر افراد کو چاہئے کہ وہ ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مساجد نہ آئیں بلکہ گھروں میں نماز ادا کریں کیونکہ معمر اور بیمار افراد اس وبائی مرض کا جلدی شکارہوتے ہیں۔