سب سے پہلے ٹی وی کا سوئچ آف کردیں تاکہ سکرین پر گردوغبار واضح دکھائی دے سکے (فوٹو: آئی سٹاک)
پرانے ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر مانیٹر کی سکرینیں شیشے سے تیار کی جاتی تھیں انہیں صاف کرنے کے لیے کسی خاص طریقہ کار کی ضرورت نہیں ہوتی تھی۔
جوں جوں ٹیکنالوجی میں جدت آئی، سکرین پر مختلف رنگوں اور دیگر مناظر کو مزید بہتر دکھانے کے لیے اس پر لگا بھاری بھرکم شیشہ، نازک ایل سی ڈیز سے بدل دیا گیا۔ لچکدار پلاسٹک وغیرہ سے تیار کی جانے والی موجودہ سکرینوں کو صاف اور چمکدار رکھنا نسبتا مشکل کام ہے کیونکہ عام کپڑا یا یاسخت کیمیکل انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔
پلازما ٹی وی سکرینیں اگرچہ شیشے کی ہوتی ہیں لیکن وہ بھی کافی حساس ہوتی ہیں۔
چنانچہ ایسی سکرینوں کونرم کپڑے یا ٹشو کے ذریعے ہی صاف کیا جاسکتا ہے۔
سیدتی میگزین نے ایک رپورٹ میں جدید ٹی وی سکرینز کو صاف رکھنے کے لیے کچھ مفید ٹپس شیئر کی ہیں۔
انہی کو بنیاد بنا کر ذیل میں کچھ ایسے طریقے ذکر کیے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے اپنے لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور جدید ٹی وی سکرینوں کی صفائی اس طرح کی جا سکتی ہے کہ انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے۔
1: سب سے پہلے ٹی وی کا سوئچ آف کردیں تاکہ سکرین بلیک ہوجائے۔ سیاہ سکرین کی صورت میں انگلیوں کےنشانات، گندگی اور گردوغبار واضح دکھائی دیتا ہے۔
2:خشک کپڑے کے ٹکڑے کے ذریعے ٹی وی اور فریم وغیرہ سے گردوغبار جھاڑ دیں۔
3: سفید سرکہ اورپانی کی برابر مقدار لے کر اس سے محلول تیار کریں، کپڑے کا ٹکڑا اس میں بھگو کر اچھی طرح نچوڑ لیں، پھر کپڑے کو سکرین پر لگائیں، براہ راست محلول کو سکرین پر چھڑکنے سے اجتناب کریں۔
4: سکرین کے اوپری حصے سے نچلے حصے کی طرف کپڑا لگائیں۔
5: سکرین کو نرم خشک کپڑے کے ذریعے صاف کریں۔
ریموٹ کنٹرول کو کیسے صاف کریں؟
1: سب سے پہلے ریموٹ کنٹرول سے بیٹری یا سیل وغیرہ نکال لیں۔
2: سرخ سرکے میں نرم کپڑے کا ٹکڑا بھگولیں اور ریموٹ کی سطح اور بٹنوں پر اچھی طرح لگائیں۔
3: بٹنوں کے ساتھ لگی ہوئی گندگی کو صاف کرنے کے لیے روئی کو سرکہ میں بھگو کر لگائیں۔
4: اگر بٹنوں کے اندر گندگی چلی جائے تو اسے دانتوں کے برش کے ذریعے صاف کرسکتے ہیں۔
5: ریموٹ کنٹرول کو خشک کپڑے کے ذریعے صاف کرلیں۔
6: اس کے بعد ریموٹ کنٹرول میں بیٹری ڈال دیں اور ویسے کھلا رکھنے کے بجائے جراثیم سے بچانے کےلیے کسی باکس میں رکھ دیں۔