Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقوام متحدہ کا لیبیا میں نئی عبوری حکومت کا اعلان

عبوری حکومت کو پارلیمنٹ سے 21 روز کے اندر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔(فوٹو سکائی نیوز)
لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کی قائم مقام ایلچی اسیٹیفانی ولیمز نے نئی عبوری حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ محمد یونس المنفی تین رکنی صدارتی کونسل کی سربراہی کریں گے جبکہ عبدالحمید دبیبہ لیبیا کے نئے وزیراعظم ہوں گے۔ 
عبوری حکومت کا مقصد رواں سال کے آخر میں قومی انتخابات کے ذریعے ملک سے کئی دہائیوں سے جاری افراتفری، تشدد اور اختلافات کے معاملے کو حل کرنا ہے۔
سکائی نیوز کے مطابق لیبیا میں نئی حکومت کے امیدواروں میں چار گروپ میدان میں تھے۔ ان میں سے تیسرے گروپ کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ میں زیادہ ووٹ ملے۔ 74 میں سے 39 ووٹ تیسرے گروپ کے حصے میں آئے۔ اسی سے صدر اور وزیراعظم کا انتخاب عمل میں آیا۔ 

اقوام تحدہ کا کہنا ہےعالمی برادری انتخابی نتائج کی حمایت کرے گی( فوٹو عرب نیوز)

عبوری حکومت کے تمام امیدوار پہلے مرحلے میں مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ دوسرے مرحلے کی ووٹنگ جمعے کو جنیوا میں ہوئی ہے۔ 
لیبیا کے لیے اقوام متحدہ کی قائم مقام ایلچی نے ووٹنگ کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری انتخابی نتائج کی حمایت کرے گی اور منتخب افراد پر نظر رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ لیبیا کی نئی عبوری  حکومت کو پارلیمنٹ سے 21 روز کے اندر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔
نئی حکومت میں عوام کے نمائندہ باصلاحیت افراد کو شامل کرنا ہوگا۔ اسے سماجی انصاف کے لیے کام کرنا ہوگا۔ روڈ میپ کی پابندی کرنا ہوگی اور مقررہ وقت پر انتخابات کرانا ہوں گے۔ 

 نئی حکومت کو مشکل اقتصادی حالات سے نمٹنا ہوگا ۔(فوٹو عرب نیوز)

اسٹیفانی ولیمز نے کہا کہ نئی حکومت کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ جنگ بندی معاہدے کی پابندی کرے اور لیبیا سے غیرملکی وظیفہ خواروں کو بے دخل کرے۔ 
 لیبیا کے اقتصادی حالات سے متعلق سوال پر کہا کہ نئی حکومت کو مشکل اقتصادی حالات سے نمٹنا ہوگا۔
اسٹیفانی ولیمز نے کہا کہ نئی حکومت پارلیمنٹ سے  21 روز کے اندر اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہی تو ایسی صورت میں فورم کے ارکان آئندہ کا فیصلہ کریں گے۔ 

شیئر: