Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیغمبر اسلام کی زندگی کے حوالے سے نمائش اور عجائب گھر کا افتتاح

عجائب گھر 4 ڈی ایکس تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے معلوماتی ویڈیوز دکھائی جاتی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
پیغمبر اسلام کی زندگی اور اسلامی تہذیب کے حوالے سے بین الاقوامی نمائش اور عجائب گھر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق یہ عجائب گھر مدینے میں واقع ہے۔ مدینے کے گورنر اور چیئرمین مدینہ ریجن ڈویلپمنٹ اتھارٹی فیصل بن سلمان نے اس اقدام کو سراہا  ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ویژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کی مملکت میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔
بین الاقوامی نمائش برائے اسلامی تہذیب اور پیغمبر اسلام کی زندگی کے حوالے سےعجائب گھر مسلم ورلڈ لیگ کے زیرسایہ شروع کیا گیا تھا، منصوبے کے مطابق طے کیا گیا تھا کہ دنیا بھر میں اسلامی عجائب گھر قائم کیے جائیں گے۔
مدینے میں پیغمبر اسلام کی مسجد کے ساتھ واقع یہ عجائب گھر 24 گھنٹے کھلا رہے گا اور اسلام کی تاریخ اور پیغمبر اسلام کی زندگی سے متعلق ہے۔
اس حوالے سے پرنس فیصل کا کہنا ہے کہ نمائش میں شامل اشیا ایک ایسی تاریخی میراث کو پیش کرتی ہے جس سے اسلام کی رواداری اور اعتدال کا مظاہرہ ہوتا ہے۔
مسلم ورلڈ کی جانب سے ایک بیان میں اس امر پر زور دیا گیا ہے کہ ’اس کا مقصد محبت، نیکی، انسانیت، اعتدال پسندی، رواداری اور بقائے باہمی کے جذبات پیدا کرنا ہے اور ساتھ ہی اسلام کے پیغام کو عام کرنا ہے‘
عجائب گھر درجنوں پینٹنگز اور دیگر فن پاروں پر مشتمل ہے۔
یہاں بیک وقت سات زبانوں میں معلومات دی گئی ہیں جن میں عربی، انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، اردو، ترکش اور انڈونیشین زبانیں شامل ہیں۔

عجائب گھر درجنوں پینٹنگز اور دیگر فن پاروں پر مشتمل ہے (فوٹو: عرب نیوز)

یہاں 4 ڈی ایکس تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے پیغمبر اسلام کی زندگی کے حوالے سے ویڈیوز دکھائی جاتی ہیں۔
نمائش کے 25 پویلینز میں سے ایک ان خواتین کے لیے وقف ہے جنہوں نے اسلام کے ابتدائی دنوں میں اہم کردار ادا کیا اور سچ اور نیکی کا پیغام پھیلایا۔
اسی طرح ایک پویلین پیغمبر اسلام کی زندگی میں بچوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتا ہے، جو ایسی کہانیوں کو یاد دلاتا ہے کہ کیسے انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کی نشوونما کے حوالے سے ان کی تعلیمات کیا ہیں۔
ایک پویلین اللہ کے 99 ناموں کے لیے مخصوص ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس کے معنی کیا ہیں۔
اسی طرح ایک پویلین دوسرے پیغمبران کے لیے وقف ہے جس میں ان کی زندگی کے حوالے سے معلومات دی گئی ہیں۔
نمائش میں آپ پیغمبر اسلام کی زندگی کے اہم واقعات کے بارے میں جان سکیں گے اس کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی دیکھنے والوں کو 14 سو سال پیچھے کے مکے اور مدینے میں لے جاتی ہے۔
سیکریٹری جنرل مسلم ورلڈ لیگ اور ایسوسی ایشن آف مسلم سکالرز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم نے مسلم ورلڈ لیگ کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے اسلام اور مسلمانوں کی ایک اہم خدمت کی ہے۔

شیئر: