Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جدہ ریلوے سٹیشن کی تعمیر نو حج سے قبل مکمل ہو گی‘

وزیر ٹرانسپورٹ نے جدہ ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا ہے( فوٹو سبق)
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ انجینئرصالح بن ناصر الجاسر نے کہا ہے کہ راوں برس حج سے قبل تک جدہ ریلوے سٹیشن کی تعمیر نو کا کام مکمل ہو جائے گا۔ 
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ نے جدہ ریلوے سٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان حرمین ٹرین رمضان سے قبل شروع کردی جائے گی جو مکہ مکرمہ سے شروع ہو گی اور جدہ سے گزرتے ہوئے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سٹیشن اور اس کے بعد رابغ سے ہوتے ہوئے مدینہ منورہ پہنچے گی۔ 
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ معاہدے کے مطابق ریلوے اسٹیشن پرو جیکٹ کی ذمہ دار کمپنی معاہدے پرعمل کرنے کی پابند ہے جس کے اعتبار سے اسٹیشن میں ہونے والے نقصان کے بعد اس کی اصلاح و مرمت کمپنی کے ذمہ تھی۔ 
واضح رہے حرمین ٹرین کا جدہ اسٹیشن 2019 میں آگ لگنے سے مکمل طورپر تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد سے ٹرین سروس روک دی گئی تھی۔ 
حرمین ٹرین کا آغاز سال 2018 میں ہوا تھا جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین چلائی گئی تھی , ٹرین کی رفتار 300 کلو میٹرفی گھنٹہ ہے۔ 
حرمین ٹرین کے 5 اسٹیشن ہیں جن میں مکہ مکرمہ، جدہ ائیر پورٹ، رابغ سٹی اور مدینہ منورہ  شامل ہیں۔
حرمین ٹرین کا بنیادی منصوبہ عازمین حج کو ٹرانسپورٹ کی اعلی سہولت فراہم کرنا تھا اس ضمن میں مقررہ ہدف سالانہ 60 ملین مسافروں کو ریلوے کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

شیئر: