Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب سے کیے عہد واضح اور غیر متزلزل ہیں: امریکی سفارت کار

مارٹینا سٹرانگ نے کہا کہ وہ سعودی قیادت کے ساتھ کئی شعبوں میں کام کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں (فوٹو: سپلائیڈ)
ریاض میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور مارٹینا سٹرانگ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ کیے گئے عہد واضح اور غیر متزلزل ہیں۔
عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نے کہا کہ ’سعودی عرب سے ہمارے عہد دہائیوں سے واضح اور غیر متزلزل ہیں۔ ہم سعودی عرب کو درپیش خطرات سے اچھی طرح آگاہ ہیں اور نہ صرف سعودی عرب بلکہ اس خطے کے تمام ممالک جو خلیج تعاون کونسل کے رکن ہیں خراب ہوتی سکیورٹی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔‘
امریکی ناظم الامور نے یہ گفتگو اس دن کی جب سعودی عرب پر ایک اور بیلسٹک میزائل داغا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی جانب 400 میزائل داغے ہیں۔
مارٹینا سٹرانگ نے کہا کہ وہ سعودی قیادت کے ساتھ ان شعبوں میں کام کرنے اور آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں تاکہ ’غیرمستحکم شعبوں کی بہتری، ان خطرات کا ازالہ، اور استحکام و شہریوں کے تحفظ کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 70 ہزار سے زیادہ امریکی شہری سعودی عرب میں رہتے اور کام کرتے ہیں جو مملکت کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ ’میں بھی اسی طرح یقینی بنانا چاہتی ہوں کہ ہمارے شہری محفوظ رہیں جس طرح کہ سعودی قیادت چاہتی ہے کہ شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔‘
مارٹینا سٹرانگ نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ دہائیوں سے قائم سکیورٹی پارٹنرشپ پر قائم ہیں۔
’دونوں ملکوں کے سکیورٹی تعلقات اور تعاون اہم ہے اور ہم کئی معاملات پر سعودی عرب سے قریبی مشاورت کرتے رہے ہیں۔ یمن میں بھی ہمارا یہی عزم ہے اور امید کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ سیاسی طور پر حل ہوگا تاکہ سعودی عرب کے جنوب میں استحکام قائم ہو۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کو یمن کے لیے خصوصی نمائندے ٹموتھی لنڈرکنگ کا تقرر کیا ہے جو ریاض میں ناظم الامور رہ چکے ہیں۔

شیئر: