پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم کا جنوبی افریقہ سے 2003 کے بعد پہلی ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد کہنا ہے کہ’ ہم زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔‘
بابر کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے پیر کو راولپنڈی میں دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز جنوبی افریقہ کو 95 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق پاکستان کی پہلی بار قیادت کرنے والے نوجوان کپتان نے جیت کے بعد خوشی سے سرشار لہجے میں کہا کہ ’یہ ایک خوش آئندہ علامت ہے لیکن ہمیں اپنے کھیل میں بہتری لانی ہو گی۔‘
مزید پڑھیں
-
پاکستان اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے، نئی تاریخ رقم ہو گی؟Node ID: 538091
بابر اعظم نے مسلسل ہار کے بعد پاکستانی ٹیم کی اس فتح پر کہا کہ ’اس جیت کی بہت ضرورت تھی اور سیریز جیتنے کی بہترین بات یہ ہے کہ اب ہم ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔‘
پاکستان کی جیت نے اسے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ گرین شرٹس دو درجے ترقی پا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، جو اس کی جنوری 2017 کے بعد بہترین ٹیسٹ رینکنگ ہے۔
پاکستان کو یہ فتح نیوزی لینڈ سے دو صفر کی ذلت آمیز شکست کے بعد ملی ہے۔ بابر اعظم یہ سیریز انگوٹھے میں فریکچر ہونے کی وجہ سے کھیل نہیں پائے تھے۔
