خوشبویات کے برانڈ میں کامیابی حاصل کرنے والے سعودی نوجوان احمد الدوسری کا کہنا ہے کہ اس کا اصل پیشہ ڈینٹسٹ کا ہے۔
المرصد کے مطابق احمد الدوسری نے اطالوی آرٹسٹ لیونارڈو ڈونچی کے نام سے خوشبو کا برانڈ جاری کرکے مملکت بھر میں شہرت حاصل کی ہے۔ اس کی بہن نورہ عطر سازی اور اس کے کاروبار میں اس کی شراکت دار ہے۔
روتانا خلیجیہ چینل کے معروف پروگرام ’سیدتی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے الدوسری نے بتایا کہ وہ ڈینٹسٹ ہے جبکہ اس کی بہن نورہ تغذیہ کی ماہر ہے۔ دونوں بہن بھائی خوشبویات کا شوق رکھتے ہیں اور دونوں کو عطر سازی اور اس کے کاروبار سے غیرمعمولی دلچسپی ہے۔
الدوسری نے بتایا کہ اس کی بہن نورہ مختلف اشیا ملا کر نئے پرفیوم تیار کرتی ہے جبکہ میں پرفیوم کی بوتل کا ڈیزائن تیار کرتا ہوں۔
سعودی نوجوان کا کہنا ہے کہ دونوں نے پرفیوم پروجیکٹ کے لیے ڈونچی کا انتخاب قصدا کیا ہے۔ چاہتے تھے کہ ہمارا برانڈ کسی ایسی شخصیت کے نام پر ہو جس کا آرٹ سے تعلق ہو اس کے لیے ہمیں اطالوی آرٹسٹ ڈونچی سے زیادہ بہتر کوئی اور نام سمجھ میں نہیں آیا۔
احمد الدوسری نے بتایا کہ ہم دونوں پرفیوم کے نام برجوں سے منسوب کرتے ہیں۔ اس کا مقصد پرفیوم کی مارکیٹنگ کے سوا کچھ نہیں۔ ہماری خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ ہر ذوق کے لحاظ سے کوئی نہ کوئی پرفیوم متعارف کرائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موسم سرما کے برجوں کے نام پر جتنے پرفیوم متعارف کرائے گئے ہیں ان کی خوشبو تیز ہے جبکہ موسم گرما کے برجوں کے نام پر جاری کیے جانے والے پرفیوم کی خوشبو ہلکی ہے۔