Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرق گلاب سے خوبصورتی بھی صحت بھی، مگر کیسے؟

جلد کی خوبصورتی کے لیے عرق گلاب کو انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے۔ فوٹو فری پک
قدیم زمانے سے عرق گلاب کا شمار خوبصورتی برقرار رکھنے یا بڑھانے والی اشیا میں کیا جاتا ہے۔ اس سے جلد کی خوبصورتی اور چمک بڑھنے کے علاوہ آنکھوں میں بھی حیرت انگیز چمک پیدا ہوتی ہے۔
جسم اور جلد کے لیے عرق گلاب کے بہت سے فوائد ہیں۔ اس کا استعمال صبح وشام  چہرہ دھونے کے بعد کیا جا سکتا ہے۔
چکنی جلد اور کھلے مسام کی جلد کے لیے عرق گلاب کو نہایت مفید مانا جاتا ہے۔ 
عرق گلاب سے متعلق سیدتی میگزین کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گلاب کی پنکھڑیوں سے نکالا گیا یہ پانی استعمال کے لیےموزوں ہوتا ہے۔ 
تاہم  جو عرق گلاب  بازار میں عام طور پر فروخت کیا جاتا ہے وہ  خود تیار کردہ ہوتا ہے اس میں مختلف تیلوں کی ملاوٹ اور بہت سارے کیمیائی مرکبات ہوتے ہیں، اس میں خوشبو بھی شامل کی جاتی ہے۔
لبنانی ماہر غذا کرسٹل بشی نے عرق گلاب کے کئی فوائد بتائے ہیں۔

جلد اور آنکھوں کے لیے عرق گلاب کے فوائد

ماہر غذاکرسٹل بشی کہتی ہیں کہ عرق گلاب کسی طرح سے نقصان نہیں دیتا ہے، بلکہ جسم اور ہاتھوں کی جلد میں تازگی، سفیدی اور نرمی پیدا کرتا ہے کیونکہ اس میں اینٹی آکسیڈینٹس ہوتے ہیں۔ یہ جلد کو مضبوط کرتا ہے، اسے عیبوں اور نقائص سے پاک کر کے نکھار دیتا ہے۔ عرق گلاب کو جلد کی حفاظت، علاج کرنے اور الرجی سےچھٹکارا پانے کے لیے مختلف انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ اپنی  دافع سوزش خصوصیات کی بدولت بہت ساری کریموں اور کاسمیٹکس میں استعمال ہوتا ہے۔ عرق گلاب جلد کو پرسکون بناتا اور بڑھاپے کی علامات کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اگر آنکھوں کو دھونے کے لیے عرق  گلاب تیار کیا جائے تو یہ آنکھوں کو چمکدار، واضح اور صاف کرتا ہے۔ یہ آنکھوں کے نیچے سوزش کو دور کرنے اور سیاہ حلقوں کو مٹانےمیں بھی استعمال ہوتا ہے۔

عرق گلاب مختلف کھانے کی اشیا میں استعمال کیا جاتا ہے۔ فوٹو فری پک

گلاب کا پانی سورج کی روشنی سے جلد کی  حفاظت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے روئی کو گلاب کے پانی میں ڈبو کر منہ پر مساج کیا جائے تو دھوپ اثر نہیں کرتی۔
عرق گلاب میں پانی ملا کر پتلا کریں اور صبح کے وقت خالی پیٹ پینے سے رنگت میں سفیدی آئے گی۔
اسے بادام کے تیل کے تین قطروں کے ساتھ ملا کر استعمال کریں تو جلد سے سیاہ دھبے ختم ہوجاتے ہیں۔ یہ جلد پر جلنے کے نشان، زخموں اور سطحی انفیکشن سے نجات کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔
چہرے پر کیل مہاسوں سے نجات کے لیےعرق گلاب کا ایک چمچ لیموں کے عرق میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نہاتے وقت بالوں کو دھونے کے لیے عرق گلاب ایک عمدہ لوشن کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔ کیونکہ اس سے بالوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے اور بالوں سے خوشبو بھی آتی ہے۔
جسم کو خوشبودار اور نرم بنانے کے لیے عرق گلاب ایک کپ پانی میں شامل کریں اور اسے جسم پر چھڑک لیں، اس سےجسم میں حیرت انگیز نرمی پیدا ہوجائے گی۔

مدافعتی نظام  کی بہتری کے لیے عرق  گلاب کے فوائد

عرق  گلاب مختلف اشیا میں شامل کیا  جاتا ہے۔ یہ عام طور پر تھوڑی مقدار میں بکلاوا، بیسوبسہ، دودھ چاول، آئس کریم، کیک، بسکٹ اور دیگر مٹھائیوں میں ذائقے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ 

ہاتھوں کی جلد میں چمک اور تازگی کے لیے عرق گلاب استعمال کیا جاتا ہے۔ فوٹو فری پک

عرق گلاب چائے میں ڈالنے سے بہترین ذائقہ آتا ہے۔
عرق گلاب کو گرم پانی میں ڈال کر غسل کیا جائے تو افسردگی، تناؤ اور اکتاہٹ سے نجات ملتی ہے۔
یہ الزائمر کی بیماری کی علامات کو دور کرنے کے بھی کام آتا ہے۔
عرق گلاب لیموں کے جوس میں شامل کرنے سے ہاضمے کے مسائل، دائمی قبض اور آنتوں کو نرم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
عرق گلاب اینٹی سیپٹیک اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی رکھتا ہے۔ یہ زخموں کے بھرنے کے عمل کو بھی تیز کرتا ہے۔
عرق گلاب بعض بیماریوں جیسے خشک آنکھوں اور آشوب چشم کے علاج میں آنکھوں میں ڈالنے کے قطروں کے طور پر استعمال  کیا جاتا ہے۔
عرق گلاب افسردگی کو کم کرتا ہے اور اضطرابی کیفیت کو مٹاتا ہے جس کے نتیجے میں موڈ کو بہتر ہونے میں مدد ملتی ہے، اور نیند میں بہتری آتی ہے کیونکہ اس میں ہائپنوٹک اثرات ہوتے ہیں۔

گلے کی سوزش کے لیے گلاب کی چائے بھی پی جاتی ہے۔ فوٹو فری پک

گلے کی سوزش کی صورت میں عرق گلاب کے فوائد

گلاب کا پانی گلے کی سوزش کا علاج کرتا ہے کیونکہ اس میں اینٹی سوزش کی خصوصیات ہیں جو گلے کو آرام  دیتی ہیں۔
عرق گلاب ہاضمے کی پریشانیوں اور پیٹ کی خرابی کو کم کرنے میں معاون ہوتا ہے۔
عرق گلاب کی خوشبو اور بھاپ سے بھی سردرد کا علاج کیا جا سکتا ہے۔ اس کی بھاپ میں سانس لینے، اسے کپڑے پر استعمال کرنے یا ماتھے پر رکھنے سے سر ددور کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔
اس کے علاوہ عرق گلاب اروما تھراپی ڈالیسیز کے مریضوں میں اضطراب کو نمایاں طور پر کم کرنے میں معاون ہے۔
عرق  گلاب دانتوں کو مضبوط بنانے اور بوسیدہ ہونے سے بچانے کےلیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کو سانس کی بدبو سے چھٹکارا پانے کے لیے ماؤتھ واش کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

شیئر: