Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ان کی وزارت خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔
اسلام آباد میں اردو نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان کو وزارت میں ایک ماہ ہوا ہے مگر انہوں نے متعدد عوام دوست اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
’ہم پاکستانی پاسپورٹ کی (ایکسپائری) مدت کو بڑھا کر دس سال کرنے لگے ہیں۔ روز بے چارہ مزدور آ جاتا تھا پاسپورٹ کی تجدید کے لیے۔ پانچ سال کا ان کا ویزا ہوتا ہے‘۔  

 

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دوسرا اہم کام ایف آئی اے کو ٹھیک کرنے کا ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سمندر پار پاکستانیوں کا پہلا رابطہ ایف آئی اے کے امیگریشن کاؤنٹرز پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ تمام پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ کی سہولت اور بروقت فراہمی کے لیے نادرا کے دفاتر ملک بھر میں کھولے جائیں گے جبکہ ان میں سے کئی دفاتر کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کی ہر تحصیل ہیڈ کوارٹرز کی سطح پر نادرا کا دفتر ہو۔ اس حوالے سے اگر کسی حلقے کا ایم این اے اور ایم پی اے دفتر کے لیے جگہ کا بندوبست کر دے تو یہ دفاتر فوری طور پر کھول دیے جائیں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بیرون ملک سے پاکستان کے ویزے کے حوالے سے شکایت دور کرنے کے لیے دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں پاکستانی ویزا اب آن لائن ملا کرے گا۔
’اس حوالے سے جتنے لوگ دس دس، بارہ بارہ سال سے مخلتف ملکوں میں پاکستانی سفارت خانوں کے ویزا سیکشنز میں بیٹھے تھے ان کی ٹرانسفر کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پہلے سے بنی لسٹوں پر عمل کیا گیا ہے۔‘
قبل ازیں وزیرداخلہ اعلان کر چکے ہیں کہ یکم مئی سے پاکستان بھی ای پاسپورٹ کا اجرا شروع کر دے گا جس میں لگی خصوصی ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف مسافروں کی شناخت یقینی بنے گی بلکہ مسافروں کو ای گیٹس کے ذریعے امیگریشن کا مرحلہ جلد طے کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کو وزارت داخلہ کا ملنا اللہ کی دین ہے۔ وہ وزیراعظم عمران خان سے ایک ملاقات کے لیے کمرے میں داخل ہوئے تو انہیں نہیں پتا تھا کہ انہیں وزارت داخلہ دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ ان کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ اس وزارت سے متعلق عوامی مسائل کو حل کیا جائے۔ اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد میں زیادہ تر پولیس ناکے ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔

شیئر: