اب دن کے 24 گھنٹے اور ہفتے کے سات دن رقم کی فوری منتقلی ممکن
جمعرات 11 فروری 2021 12:12
مقامی بینکوں کے درمیان ترسیلات کے نئے نظام کا نفاذ 21 فروری سے ہوگا: فائل فوٹو اے ایف پی
سعودی سینٹرل بینک ’ساما‘ نے مقامی بینکوں کے درمیان رقوم کی منتقلی کا نیا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت 24 گھنٹوں اور ہفتہ بھر کے کسی بھی دن رقم کی فوری منتقلی ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ساما نے کہا ہے کہ ’دن کے کسی بھی وقت اور ہفتہ بھر کے کسی بھی دن میں کمپنیاں اور افراد مقامی بینکوں میں رقوم کی فوری ترسیل کرسکیں گے‘۔
ساما نے کہا ہے کہ ’مقامی بینکوں کے درمیان ترسیلات کے نئے نظام کا نفاذ 21 فروری سے ہوگا‘۔
’نیا نظام دنیا بھر میں سعودی عرب کی مالی پوزیشن کو مستحکم کرے گا نیز یہ وژن 2030 سے بھی ہم آہنگ ہے‘۔
’ادائیگی کے نئے نظام کے ذریعہ تھوک کے تجارتی اداروں کے علاوہ افراد کو بھی فائدہ ہوگا جس سے رقم کی فوری ترسیل ممکن ہوگی‘۔
’اس سے ادائیگی کا طریقہ کار آسان، تیز اور بہتر ہوگا جس کی مدد سے معاشرے کے افراد اور تجارتی ادارے کیش فری ہوجائیں گے‘۔
ساما نے کہا ہے کہ ’مقامی بینکوں کے کھاتہ داروں کے درمیان رقوم کی منتقلی کا نیا نظام سابقہ نظام سے زیادہ سستا ہوگا جس میں ٹرانسفر فیسیں حالیہ نظام سے زیادہ سستی ہوں گی‘۔