Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

23 سعودی خواتین فلائٹ اٹینڈنٹس کی مقامی ایئرلائنز کے لیے خدمات

ہوا بازی کے شعبے کو مقامی افرادی قوت کے ساتھ مزید مضبوط کیا جائے گا۔(فوٹو سعودی گزٹ)
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن ’جی اے سی اے‘نے کہا ہے کہ دسمبر 2020 کے آخر تک متعدد مقامی فضائی کمپنیوں نے مجموعی طور پر 23 سعودی خواتین کو فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پرخدمات کی انجام دہی کے لئے ملازمتیں فراہم کیں۔
سعودی گزٹ کے مطابق یہ بات جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے ترجمان ابراہیم الروسا نے گفتگو کے دوان بتائی ہے۔
ابراہیم الروسا نے کہا کہ سعودیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے’جی اے سی اے‘ کے ہدف کا یہ ایک حصہ ہے۔

نئےاقدام سے سعودیوں کے لئے 10 ہزار ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔(فوٹو عرب نیوز)

یہ سلسلہ مستقبل میں ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لئے نجی شعبے کے ساتھ  جڑا ہوا ہے۔
الروسا نے مزید کہا کہ ہوائی نقل و حمل کے شعبے میں ملازمتوں کو مقامی بنائے جانے کے نئےاقدام سے سعودیوں کے لئے 10 ہزار ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔
چند ہفتے قبل’ جی اے سی اے‘ نے آئندہ تین برسوں کے دوران ہوائی نقل و حمل کے شعبے میں28 پیشوں میں سعودائزیشن کے منصوبوں کے بارے میں وضاحت کی تھی۔

 فلائٹ اٹینڈنٹس کی حیثیت سے50 سعودی خواتین کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو السعودیہ)

ابراہیم الروسا نے بتایا ہے کہ یہ اقدام ہوا بازی شعبے کو مقامی افرادی قوت کے ساتھ مزید مضبوطی عطا کرے گا۔ یہ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں سے ایک ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت کے ساتھ کئے جانے والے تعاون کا ثمرہے  جس کے باعث 28 پیشوں کو، جن میں’’ کیبن کریو‘‘ شامل ہیں، انہیں مقامی بنایا جا سکا ہے۔
ان 28 پیشوں میں پائلٹ، فلائٹ اٹینڈنٹ، ایئرٹریفک کنٹرولر، سپروائزر، فلائٹ یارڈ کوآرڈینیٹر، گراؤنڈ ہینڈلنگ خدمات، کارگو، سامان اور مسافروں کی ہینڈلنگ، فلائٹ کیٹرنگ اور ہوائی نقل و حمل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر پیشے شامل ہیں۔
جی اے سی اے نے ملکی ہوائی اڈوں پر کام کرنے والی تمام ایئرلائنز، مینٹی ننس اور آپریشن کے ٹھیکیداروں اور خدمات فراہم کرنے والوں کو اس سرکاری اقدام پر عمل درآمد کا آغاز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں دسمبر2020 میں سعودی عریبین ایئرلائنز نے فلائٹ اٹینڈنٹس کی حیثیت سے50 سعودی خواتین کو ملازمت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں کہا گیا تھاکہ پہلے مرحلے میں50 سعودی خواتین کے لئے فضائی میزبان کا عہدہ مختص کیاگیا ہے۔
یہ خواتین بنیادی طور پر جدہ اور ریاض کے ائیرپورٹ سے خدمات انجام دیں گی۔ ملازمت شروع کرنے سے پہلے انہیں دو ماہ کی ٹریننگ حاصل کرنی ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی قومی ایئرلائنز نے’معاون پائلٹ‘کے عہدے کی صد فیصد سعودائزیشن کا ہدف حاصل کرنے کی خوشی بھی منائی ہے۔
 

شیئر: