’سعودی عرب کے لیے 27 پروازیں چلائی جائیں گی‘
جمعرات 1 اکتوبر 2020 9:12
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
'سعودی حکام کی جانب سے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت ملنے کے بعد اکتوبر کے پہلے 10 روز میں 27 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔' فوٹو: سبق
پاکستان انٹرنینشل ائیر لائنز نے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں اضافہ کرتے ہوئے یکم اکتوبر سے دس اکتوبر تک 27 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت ملنے کے بعد اکتوبر کے پہلے 10 روز میں 27 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے تقریباً نو ہزار مسافروں کو مملکت لے جایا جائے گا۔
’سعودی حکام کی جانب سے 118 پروازیں چلانے کی درخواست کو منظور کر لیا گیا ہے، اگر مسافروں کا رش بڑھتا ہے تو مزید پروازیں بھی چلائیں جا ئیں گی۔‘
سعودی حکومت کی جانب سے جزوی طور پر سفری پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی سعودی عرب کے لیے پروازوں کا پہلا مرحلہ بدھ کو مکمل ہوچکا ہے جس میں جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے 93 پروازیں چلائی گئیں اور 28 ہزار سے زائد مسافروں کو ٹکٹس فروخت کیے گئے جو کہ صرف 50 فیصد مسافروں کی ضرورت کو ہی پورا کر سکی ہیں۔
پی آئی اے نے سعودی حکام سے اکتوبر میں 118 پروازیں چلانے کی اجازت دینے کی درخواست دی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اضافی پروازوں کی اجازت ملنے کے بعد 40 ہزار تک کے مسافروں کو استفادہ حاصل ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ زیادہ تر مسافروں کی 30 ستمبر کو اقامہ کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے رش بڑھ چکا تھا اور مسافروں کی جانب سے ٹکٹس بلیک مارکیٹ میں فروخت ہونے کی بھی شکایات سامنے آئیں تھیں۔
پاکستان میں دفتر خارجہ نے سعودی حکومت سے پاکستانی اقامہ ہولڈرز کے اقامے کی معیاد میں توسیع کی بھی درخواست کی تھی تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سعودی حکام سے وزیراعظم عمران خان اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے بھی پروازوں میں اضافے کی درخواست کی تھی۔