Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 6.4 ریکارڈ

پاکستان اور انڈیا کے کئی علاقے  جمعے کی رات کو زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھے۔
پاکستان میں زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی جب کہ انڈیا میں زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
جمعے کی رات 10 بج کر دو منٹ پر اسلام آباد، لاہور، پشاور، راولپنڈی، مردان سمیت مختلف علاقوں میں زلرلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات  کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز تاجکستان کا علاقہ تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ 80 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ 
ابھی تک کسی بھی علاقے سے زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
 جھٹکے سوات، شمالی وزیرستان اور باجوڑ سمیت جہلم ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، مظفر آباد اور میرپور آزادکشمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلےکے آفٹرشاکس بھی آسکتے ہیں۔

لزلے سے اب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی: این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ وہ تمام صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کےساتھ رابطے میں ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے پورے پاکستان سے زلزلے سے متعلق معلومات حاصل کر رہا ہے، زلزلے سے اب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، 
این ڈی ایم اے کی طرف سے ایمرجنسی سروس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیوپنجاب نے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کردیا. 
ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)  کے ترجمان کا بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ان کے مطابق پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
زلزلے کے جھٹکے انڈیا میں بھی محسوس کیے گئے
دوسری جانب انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت ملک کے شمالی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے نئی دہلی، جمو و کشمیر، راجستھان، پنجاب اور دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔۔
انڈیا میں زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔

شیئر: