افواہیں، من گھڑت خبریں اور اطلاعات پھیلانا سنگین جرم: پبلک پراسیکیوشن
قانون کے مطابق پانچ برس تک قید اور 30 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزائیں مقرر ہیں۔ (فوٹو: الشرق الاوسظ)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ افواہیں، من گھڑت خبریں اوراطلاعات پھیلانا سنگین جرم ہے۔ معاشرے کو گمراہ کرنے یا سماجی نظام کو نقصان پہنچانے یا صحت کے امور کو متاثر کرنے کے لیے افواہیں پھیلانا جرم ہے۔
اخبار 24 کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ ملکی نظام کو نقصان پہنچانے والی افواہیں بنانا یا پھیلانا، کمپیوٹر میں محفوظ کرنا یا انفارمیشن نیٹ ورک پر ذخیرہ کرنا قانوناً منع ہے۔
پبلک پراسیکیوشن کا مزید کہنا ہے کہ خلاف ورزی پر پانچ برس تک قید اور 30 لاکھ ریال تک جرمانے کی سزائیں مقرر ہیں۔
مدعا علیہ کے خرچ پر اخبار میں تشہیرکی جائے گی۔ جرم میں استعمال ہونے والے آلات ضبط کرلیے جائیں گے۔
ویب سائٹ، اکاؤنٹ یا افواہیں پیش کرنے والے ذریعے کو سیل کردیا جائے گا۔
جو شخص بھی ان مجرمانہ سرگرمیوں میں سے کسی ایک کا بھی مرتکب ہوگا، اس پر آمادہ کرے گا یا اس میں مدد دے گا یا اس میں سرمایہ لگائے گا اسے بھی یہی سزائیں دی جائیں گی۔