Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے گیارہ بڑے شہروں میں تارکین کےلیے قومی کرکٹ چیمپیئن شپ

 سات ہزار رجسٹرڈ کھلاڑی اور 450 سے زائد آفیشلزحصہ لے رہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف اے) اور سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے تحت سعودی عرب کے گیارہ بڑے شہروں میں مقیم غیر ملکی کمیونٹی کے لیے قومی کرکٹ چیمپیئن شپ جاری ہے۔
قومی کرکٹ چیمپیئن شپ جس کا آغاز اتوار 14 فروری سے کیا گیا ہے، اپریل تک جاری رہے گی۔ اس میں تقریباً سات ہزار رجسٹرڈ کھلاڑی اور 450 سے زائد آفیشلزحصہ لے رہے ہیں۔
پورے سعودی عرب میں سافٹ بال کرکٹ ٹورنامنٹ، ورکرز کیمپ ایکٹیویشن اور سوشل کرکٹ پروگرام بھی سال بھر جاری رہے گا۔

یہ اقدام مقیم غیرملکیوں کے صحت مند اور فعال طرز زندگی کی حوصلہ افزائی کے لیے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے جاری مشن کا حصہ ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

یہ اقدام سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے صحت مند اور فعال طرز زندگی کی حوصلہ افزائی اور ان کی سہولت کے لیے سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کے جاری مشن کا حصہ ہے۔
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کے جنرل منیجر ندیم ندوی نے اردونیوز کو بتایا سعودی سپورٹس فارآل فیڈریشن اور سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن مل كر تارکین کے لیے ’قومی کرکٹ چیمپئن شپ‘ كا انعقاد كر رہے ہیں۔
میگا مقابلے میں 369 ٹیموں اور 15 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے چھ ہزار800 سے زیادہ کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جس کا آغاز 29 جنوری کو ہوا تھا اور یہ 11 ہفتوں پر محیط اپریل تک چلے گا۔
45 شہروں کے 106 گراؤنڈز پر ہر جمعے کو میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ 456 رضاکار انتظامات کی دیکھ بھال اور میچوں بہترین انداز میں چلانے میں مدد کر رہے ہیں۔

وزارت صحت کی فراہم کردہ کوویڈ 19 کے رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

 ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم کی زیادہ سے زیادہ 20 اوورز پر مشتمل ایک اننگز ہے۔ میزبان شہروں میں ریاض، دمام، جبیل، جدہ، مدینہ، ینبع، تبوک، ابھا، جیزان، القسیم اور نجران شامل ہیں۔
 ایس ایف اے اور ایس اے سی ایف کے مشترکہ طور پر منعقدہ کرکٹ ایونٹس اور سرگرمیوں کا مقصد مملکت میں مقیم خصوصاً انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو جسمانی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے جہاں کرکٹ انتہائی مقبول ہے۔
قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کے ساتھ سافٹ بال کرکٹ ٹورنامنٹ بھی دو مرحلوں میں ہوگا۔ پہلا فروری اور اپریل کے درمیان اور پھر اکتوبر اور نومبر کے درمیان ہوگا۔
حصہ لینے والے میزبان شہروں میں ریاض، دمام، جبیل، جدہ، تبوک، مکہ مکرمہ، ینبع، جازان، جزیرہ فراسان، طائف اور حائل شامل ہوں گے۔
ورکرز کیمپ کی سرگرمیاں فروری سے دسمبر تک جدہ، ینبع، مدینہ، تبوک، ریاض، دمام، ال لیثت، الوجہ، القنفدہ اور شرما کے کیمپوں میں منعقد ہوں گی، جن میں سافٹ بال کرکٹ اور ایک کرکٹ سمیلیٹر شامل ہیں۔

سافٹ بال کرکٹ ٹورنامنٹ، ورکرز کیمپ ایکٹیویشن اور سوشل کرکٹ پروگرام بھی سال بھر جاری رہے گا (فوٹو: ٹوئٹر)

آخرمیں جدہ، ریاض ، دمام اور ینبع میں فروری اور اپریل کے درمیان سوشل کرکٹ پروگرام ہوگا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ان سرگرمیوں میں ہزاروں افراد حصہ لیں گے، اس ایونٹ کو وزارت کھیل اور سعودی عرب کی اولمپک کمیٹی کی حمایت ہے۔
وزارت صحت کی فراہم کردہ کوویڈ 19 کے رہنما اصولوں کے تحت تمام میچز اور سرگرمیوں پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
سپورٹس فار آل فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولید بن طلال آل سعود کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ قومی کرکٹ چیمپیئن شپ کے ذریعے سپورٹس سرگرمیوں کو سعودی عرب کے مختلف علاقوں تک وسیع کیا ہے اور ہزاروں لوگوں کو شامل کیا ہے۔ 
یاد رہے کہ کرکٹ سعودی عرب میں کئی دہائیوں سے کھیلی جا رہی ہے، خاص طور پر 1970 کی دہائی میں جب لیگ تشکیل پانا شروع ہوئیں تو اس کی تعداد بڑھتی رہی۔
2003 میں مملکت ایشین کرکٹ کونسل کا ایسوسی ایٹ ممبر اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا ممبر بن گیا تھا۔ اسی سال ایک قومی کرکٹ ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔
سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کا قیام 2020 میں سعودی عربین اولمپک کمیٹی اور وزارت کھیل کے زیراہتمام عمل میں آیا تھا، پرنس سعود بن مشعل آل سعود اس کے پہلے صدر اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مقرر ہوئے۔
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف اے) کا مقصد معاشرے کے تمام افراد کو صحت مند سپورٹس کے مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ 

شیئر: