’ریجنل دفتر نہ رکھنے والی کمپنیوں کی فہرست مرتب کی جائے‘
’ریاض کے میئر نے ہدایت کی ہے کہ میونسپلٹی کے ساتھ معاہدہ کرنے والی تمام غیر ملکی کمپنیوں کی فہرست مرتب کی جائے‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض ریجن کے میئر شہزادہ فیصل بن عبد العزیز بن عیاف نے ریاض کے علاوہ دیگر ملکوں میں ریجنل دفاتر رکھنے والی غیر ملکیوں کمپنیوں کی فہرست مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ریاض ریجن میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’حکومتی فیصلے کے مطابق ایسی کسی بھی غیر ملکی کمپنی یا تجارتی ادارے کے ساتھ معاہدے معطل کردیئے جائیں گے جس کا ریجنل آفس سعودی عرب کے سوا کسی اور ملک میں ہوگا‘۔
’اس بنا پر ریاض کے میئر نے ہدایت کی ہے کہ میونسپلٹی کے ساتھ معاہدہ کرنے والی ان تمام غیر ملکی کمپنیوں کی فہرست مرتب کردی جائے جن کا ریجنل آفس ریاض میں نہیں ہے‘۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت کے اس فیصلے کا مقصد سرکاری فنڈز، محکموں اور اداروں کے ساتھ کاروبار کرنے والی غیرملکی کمپنیوں اور اداروں کو مملکت میں سعودیوں کے لیے ملازمتیں فراہم کرنے پر آمادہ کیا جائے۔
جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق فیصلے کا نفاذ یکم جنوری 2024 میں ہوگا، اس عرصے تک ایسی تمام غیر ملکی کمپنیوں کو ریاض میں دفاتر کھولنے کا موقع دیا جائے گا۔