Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی خواتین بھی یو اے ای کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں: اماراتی سفیر

حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی کا کہنا ہے کہ ’ امارات پاکستانی اور افغان خواتین کے آگے بڑھنے کے لیے کام کر رہا ہے‘ (فائل فوٹو: یو اے ای ایمبیسی ٹوئٹر)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی کا کہنا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے، عورت فاؤنڈیشن اور یو این ویمن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے کہا ہے کہ ’ورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مردوں اور خواتین میں امتیاز تیزی سے کم ہو رہا ہے اور خواتین کا عرب امارات میں کردار بڑھ رہا ہے۔ ہمارے مریخ مشن کا خواتین 34 فیصد حصہ ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’امارات نے فرسٹ ویمن فنانس اینیشیٹیو فنڈ میں بڑی رقم دی ہے. سندھ اور بلوچستان میں بھی متحدہ عرب امارات خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے مزید کہا کہ ’امارات میں مقیم پاکستانی خواتین بھی امارات کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہیں۔ جبکہ پاکستان میں بھی خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کر رہی ہیں۔ امارات پاکستانی اور افغان خواتین کے آگے بڑھنے کے لیے کام کر رہا ہے۔‘
سیمینار میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی جبکہ سیمینار کے اختتام پر سفیر حماد عبید الذعابی نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین میں سرٹیفیکیٹس اور اسناد تقسیم کیں۔

شیئر: