السعودیہ کے ٹکٹ میں نام کی تبدیلی ممکن ہے؟
’ٹکٹ میں نام تبدیل نہیں ہوسکتا البتہ اسے منسوخ کیا جاسکتا ہے(فوٹو عاجل)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے کہا ہے کہ’ خریدا گیا ٹکٹ کسی کو فروخت کیا جاسکتا ہے اور نہ نام تبدیل کرنے کی اجازت ہے‘۔
السعودیہ نے یہ وضاحت اس استفسار کے بعد جاری کی جس میں پوچھا گیا تھا کہ ’کیا کوئی شخص اپنا ٹکٹ کسی اور کے نام کرسکتا ہے یا نہیں؟۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ’ٹکٹ میں نام تبدیل نہیں ہوسکتا البتہ اسے منسوخ کیا جاسکتا ہے۔ ٹکٹ کی قیمت واپس لی جاسکتی ہے اور پھر کسی اور کے نام سے جاری کرایا جاسکتا ہے‘۔
السعودیہ نے بیان میں مزید کہا کہ’اگر ٹکٹ کیش کی صورت میں خریدا گیا ہوگا تو ایسی صورت میں رقم کی واپسی میں تین سے اکیس روز لگیں گے اور یہ ورکنگ ڈیز شمار کیے جائیں گے۔
اگر کریڈٹ کارڈ سے ٹکٹ خریدا گیا ہوگا تو 45 ورکنگ ڈیز رقم کی واپسی میں صرف ہوں گے۔
السعودیہ کا کہنا ہے کہ ’ٹکٹ کی رقم کی واپسی کی درخواست سے متعلق تفصیلات کے لیے السعودیہ کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کیا جائے‘۔