جازان ونٹر سیزن: ثقافتی میلے میں علاقائی روایتی فن کی نمائش
ارتھ ولیج میں علاقائی دستکاریوں، کھیلوں اور روایتی ملبوسات کی نمائش کی جا رہی ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں قائم ’ارتھ ولیج‘ میں موسم سرما کے روایتی میلے میں ثقافتی اور تفریحی سرگرمیاں بڑی تعداد میں مقامی افراد اور سیاحوں کو راغب کر رہی ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق جازان کے ساحلی علاقے میں واٹر فرنٹ پر سجائے گئے ارتھ ولیج میں علاقائی دستکاریوں، کھیلوں اور روایتی ملبوسات کی نمائش جاری ہے۔
سرمائی میلے میں معروف مقامی اشیاء اور علاقائی پکوان کی روایات پیش کی جا رہی ہیں جن میں مختلف انواع و اقسام کے لذیذ کھانے نمایاں طور پر شامل ہیں۔
میلے کی خاص بات علاقائی تلوار رقص ہے، اس کے علاوہ مٹی کے برتنوں اور کشیدہ کاری والے ملبوسات و دیگر فنون کے لیے یہ خطہ مشہور ہے۔
جازان میں مقامی طور پر تیار کیے گئے منفرد قسم کے عطر اور جڑی بوٹیاں بھی نمائش کا حصہ ہیں جو اس خطے کی بھرپور ثقافت کو اجاگر کرتی ہیں۔