Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینیٹ انتخابات:حکومتی کوششیں اور مطالبات جو پورے نہیں ہو سکے

سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے تحت تین مارچ کو ہوں گے (فوٹو: اے پی پی)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی رائے کی روشنی میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار یعنی خفیہ اور ناقابل شناخت بیلٹ پیپرز پر ہوں گے۔
اس فیصلے سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی دو ماہ سے زائد کی کوششیں ناکام اور مطالبے پورے نہیں ہو سکے۔
سینیٹ انتخابات میں پیسوں کے لین دین کے خدشات پر وزیر اعظم عمران خان نے اوپن بیلٹ انتخابات کی تجویز اور آئین میں ترمیم کے لیے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کی۔
حکومت اپوزیشن تعلقات بہتر نہ ہونے کی وجہ سے اس معاملے پر بات آگے نہ بڑھی تو حکومت نے صدارتی ریفرنس کے ذریعے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرتے ہوئے رائے مانگ لی۔
23 دسمبر کو دائر ہونے والے ریفرنس کی 17 سماعتوں کے بعد یکم مارچ کو سپریم کورٹ کی رائے سامنے آئی جس کے بعد حکومتی وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بارے میں فاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ  ’ہم نے الیکشن کمیشن کو اپنی پوری حمایت کا یقین دلایا اور ہمارا مدعا یہ تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے۔‘
اس کے ایک دن بعد منگل کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات پرانے طریقہ کار کے مطابق الیکشن کرانے کا اعلان کیا۔
اس فیصلے سے حکومت کا پہلا اور بنیادی مطالبہ کہ انتخابات اوپن یا قابل شناخت بیلٹ پیپر پر ہوں نظر انداز کر دیا گیا۔
اس سے قبل ریفرنس کی سماعت کے دوران ہی حکومت نے ایک طرف الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے صدارتی آرڈینینس جاری کیا اور اسے سپریم کورٹ کی رائے سے مشروط کر دیا۔
سپریم کورٹ کی رائے سامنے آنے کے بعد حکومتی آرڈیننس بھی از خود ہی تحلیل ہو گیا۔ جس سے حکومت کی آرڈیننس کے تحت اوپن بیلٹ انتخاب کی کوشش بھی رائیگاں ہوگئی۔
اس کے علاوہ حکومت نے قومی اسمبلی کے گذشتہ اجلاس میں آئینی ترمیم کے لیے مطلوبہ تعداد نہ ہونے کے باوجود آئین کے آرٹیکل 226 میں ترمیم کی کوشش بھی تاہم ایوان میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے باعث ترمیمی بل بھی پیش نہ ہوسکا۔

سینیٹ انتخابات میں پیسوں کے لین دین کے خدشات پر وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کے پاس ایک تو وقت بہت کم تھا کہ وہ کوئی ایسا فیصلہ کرتے کہ بیلٹ پیر قابل شناخت ہوتا۔ دوسرا یہ کہ آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ بیلٹ پیپر پر ایک نکتہ بھی لگا سکیں۔ اس کے لیے آئین اور پھر قانون دونوں میں ترمیم کرنا پڑے گی۔
اس صورت حال میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت کو خدشہ کیا تھا کہ اس نے پے در پے سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی کوشش کی؟
پارلیمانی تجزیہ نگار ظفراللہ خان کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر یہ تحریک انصاف کا اندرونی بحران تھا۔ 
ظفراللہ خان نے کہا کہ ’اس ساری مشق کے پیچھے تحریک انصاف کا ایک ہی موقف تھا کہ باغی سامنے آنے چاہئیں تو خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اسمبلی کے باغی ارکان تو سامنے آ گئے ہیں۔ یار محمد رند، نصیب اللہ مری، لیاقت جتوئی، لیاقت ترکئی سب کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔ اپنے ویڈیو بیانات میں اپنی جماعت کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کرنے والے بھی تحریک انصاف کے ایم پی اے ہیں۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ تحریک انصاف پہلی بار سینیٹ کا انتخاب لڑ رہی ہے اور ان سے صورت حال سنبھالی نہیں گئی اور گبھرا گئے جس کی وجہ سے یہ سارے ہاتھ پاؤں مارتے رہے۔

سابق وزیراعظم یوست رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار حفیظ شیخ میں سخت مقابلہ متوقع ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تجزیہ کاروں کے مطابق سینیٹ انتخابات میں سب سے سخت مقابلہ پنجاب اسمبلی میں ہونے کی توقع تھی جہاں ارکان صوبائی اسمبلی کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ووٹ خریدنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے اس لیے دونوں حریف جماعتوں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں کانٹے کے مقابلے کی توقع تھی لیکن ڈرامائی انداز میں بلامقابلہ انتخاب کے بعد صورت حال یکسر تبدیل ہو گئی ہے تاہم خیبرپختونخوا میں حکومتی جماعت کو اب بھی کچھ خدشات ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد میں پی ڈی ایم نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی جیسے مضبوط امیدوار کو ان ہی کے کابینہ کے رکن حفیظ شیخ کے مقابلے میں اتار کر دلچسپ صورتحال پیدا کر دی ہے۔

شیئر: