Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں پارٹ ٹائم ورکرز کی مانگ بڑھنے لگی

 ’لچکدار ملازمت‘ پلیٹ فارم کی مقبولیت بڑھ رہی ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں تیزی سے بدلتی جائُے ملازمت کی وجہ سے سعودی شہری مزید جز وقتی ملازمتیں کر رہے ہیں۔
کورونا کی وبا میں بہت سے کاروبارعارضی طور پر اپنی شاپس بند کرنے پر مجبور ہوئے جس سے مملکت میں پارٹ ٹائم ورکرز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت برائے افرادی قوت اور سماجی بہبود نے العربیہ نیٹ کو بتایا کہ ’لچکدار ملازمت‘ پلیٹ فارم کی مقبولیت سعودی عرب میں بڑھنے لگی  ہے۔
تین ہزار سے زیادہ ادارے لچکدار ملازمت پلیٹ فارم پر اندراج کرا چکے ہیں جبکہ 2400 کے قریب ملازمت کے معاہدوں کا اندراج ہو چکا ہے۔ 
 سعودی عرب نے حال ہی میں ریٹیل اور ہول سیل کے تجارتی اداروں، سامان فروخت کرنے والے مراکز، انجینیئرنگ کنسلٹینسیوں، تعمیرات اور کوسٹل لاجسٹک سروسز وغیرہ میں ملازمت کا نیا نظام متعارف کرایا ہے۔
اس سے ایک طرف تو سرمایہ کاروں کو سستے سعودی کارکن حاصل ہو رہے ہیں اور دوسری جانب مستقل بنیادوں پر کسی ایک جگہ ملازمت نہ کرسکنے والے مقامی شہریوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔
یہ جزوقتی ملازمت کا ایسا نظام ہے جس کے تحت آجروں کو اپنے ضروری کام نمٹانے کے لیے جزوقتی کارکن مل جاتے ہیں اور مقامی نوجوانوں کو فارغ اوقات بامقصد مصروفیت میں لگانے کے مواقع ملنے لگے ہیں۔ 
وزارت افرادی قوت نے بتایا کہ سب سے زیادہ لچکدار ملازمت کے معاہدوں کا اندراج ریاض ریجن میں ہوا۔ مشرقی ریجن دوسرے اور مکہ مکرمہ ریجن تیسرے نمبر پر ہے- ان میں 30 فیصد کے قریب ملازمتیں خواتین نے حاصل کی ہیں۔ 

وزارت افرادی قوت نے جزوقتی ملازمت کا لچکدار نظام متعارف کرایا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت افرادی قوت نے بتایا کہ جب سے جزوقتی ملازمت کا لچکدار نظام متعارف کرایا گیا ہے تب سے فروری تک زیادہ تر ملازمتیں ریٹیل، ہول سیل کے اداروں، تجارتی مراکز، انجینیئرنگ کنسلٹینسیوں، تعمیرات عامہ اور کوسٹل لاجسٹک سروسز میں دی گئی ہیں۔  
وزارت افرادی قوت نے بتایا کہ بعض نجی ادارے ملازمت کے اس طرز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں کیونکہ اس سے ان کی لاگت بھی کم ہو رہی ہے اور انہیں سستا لیبر مل رہا ہے۔ بہت سارے ادارے ابھی  ملازمت کے اس طرز کو اپنانے میں صورتحال  کا جائزہ لے رہے ہیں۔ 
وزارت نے توقع ظاہر کی کہ جزوقتی ملازمت کا دائرہ بہت جلد ریستورانوںِ، قہوہ خانوں اور سیاحتی اداروں تک بھی پھیل جائے گا۔ جیسے ہی وبا سے بچاؤ والے اقدامات ختم ہوں گے ویسے ہی مقامی نوجوان ریستورانوں، قہوہ خانوں اور سیاحتی اداروں میں جزوقتی ملازمت کرنے لگیں گے۔
یاد رہے کہ جزوقتی ملازمت دینے والوں کو ایک فائدہ یہ ہو رہا ہے کہ انہیں تنخواہ کے ساتھ چھٹیاں دینا پڑتی ہیں اور نہ ہی نہایتہ الخدمہ والی ذمہ داری ان پر آتی ہے۔

شیئر: