العلا کمشنری کا ہوائی اڈا ’ انٹرنیشنل ایئر پورٹ‘ بن گیا
العلا کمشنری کا ہوائی اڈا ’ انٹرنیشنل ایئر پورٹ‘ بن گیا
جمعہ 5 مارچ 2021 12:20
یومیہ 15 کمرشل پروازیں کی گنجائش ہے(فوٹو، ایس پی اے)
العلا کمشنری کے ایئرپورٹ کو بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ دے دیاگیاہے۔ العلا رائل کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے مکمل ہونے کے بعد سول ایوی ایشن نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا درجہ دینے کی منظوری کردی ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق العلا کمشنری کا ہوائی اڈے کو بین الاقوامی ایئر پورٹ قرار دیئے جانے کے بعد اسکا شمار مملکت کے پانچویں بڑے ہوائی اڈوں میں کیا جائے گا۔
العلا ایئر پورٹ میں بین الاقوامی پروازوں کی آمد رفت کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ ہوائی اڈے کی توسیع کے بعد اس کا مجموعی رقبہ 2.4 ملین مربع میٹر ہوگیا ہے۔
العلا رائل کمیشن کا کہنا ہے کہ موجودہ ہوائی اڈے پر یومیہ 15 کمرشل پروازوں کی گنجائش ہے جس میں تین گنا زیادہ اضافہ کیا جاسکتا ہے جس کے بعد اس ہوائی اڈے پر سالانہ 4 لاکھ مسافروں کی آمد وروفت ہو سکے گی۔
ہوائی اڈے پر اس وقت جہازوں کی پارکنگ اور انکی اصلاح ومرمت کےلیے 49 ہزار مربع میٹر رقبے پر ہینگز اور پارکنگ لاٹس تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ سائٹ رن ویز کا رقبہ 110 ہزار میٹر مربع اور سروسز کی فراہمی کے لیے 89 ہزار مربع میٹر کا رقبہ مخصوص ہے۔
العلا ہوائی اڈے کی توسیع اور اسے بین الاقوامی ہوائی اڈا قرار دینے سے علاقے کی سیاحت کو فروغ ملے گا جس سے تاریخی اور قدرتی مناظر کی سیاحت کرنے والوں کو بھی سہولت ہو گی۔
ہوائی اڈے کی توسیع کا بنیادی مقصد علاقائی سیاحت کو فروغ دینا بھی ہے جس سے مملکت کی سالانہ جی ڈی پی میں اضافہ ہوگا۔ امکان ہے کہ 2035 میں اکنامک گروتھ بڑھ کر 120 ملین ڈالرتک ہوجائے گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں