متحدہ عرب امارات میں دوسرے براکہ ایٹمی بجلی گھر کا قیام
متحدہ عرب امارات میں دوسرے براکہ ایٹمی بجلی گھر کا قیام
منگل 9 مارچ 2021 19:23
یہ اقدام امارات کے ترقی کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات نے ابوظبی کے الظفرہ علاقے میں براکہ جوہری بجلی گھر کا دوسرا یونٹ چلانے کے لیے لائسنس جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ رپورٹ امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواہ انرجی کمپنی جو اس ایٹمی بجلی گھر کے ایک سے چار آپریٹنگ یونٹ کی ذمہ داری نبھا رہی ہے اس کمپنی کو آئندہ 60 سال کے لیے اس دوسرے یونٹ کو چلانے کا اختیار مل گیا ہے۔
گذشتہ پانچ برس کے دوران وسیع تشخیصی عمل میں جوہری پلانٹ کے ڈیزائن اور اس کے جغرافیائی مقام کا جائزہ لیا گیا ہے۔
جوہری ری ایکٹر کے کولنگ اینڈ سیفٹی سسٹم، حفاظتی اقدامات، ہنگامی تیاری کے طریقہ کار، تابکار فضلہ کے انتظام اور دیگر تکنیکی پہلوؤں کو بھی جائزے میں شامل کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے نواہ انرجی کمپنی کی جانب سے ایٹمی پاور پلانٹ کے تحفظ اور اس کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری طریقہ کار اور اقدامات کا بھی جائزہ لیا ہے۔
امارات کی جانب سے کیا گیا یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی قیادت کی فہم و فراست کے ساتھ ترقی کے سفر میں کامیابیوں کے حصول میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مستقل نمائندے حماد الکعبی نے کہا ہے کہ یہ اقدام ایک ایسی کامیابی ہے جو گذشتہ 13 برس سے کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ ہے۔