حکومت کا جُون میں تین کروڑ ضرورت مند خاندانوں کو سبسڈی دینے کا اعلان
وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ ’رواں برس جون میں تین کروڑ ضرورت مند خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دی جائے گی۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ فلاحی ریاست کا آغاز ہے۔ جہاں بھی غریبوں کی بستیاں ہیں وہاں گاڑیوں میں کھانا پہنچایا جائے گا۔‘
انہوں نے عوام کو سبسڈی فراہم کرنے کے حوالے سے کہا کہ ’جون میں تین کروڑ خاندانوں کو براہ راست سبسڈی دی جائے گی۔ ان کے اکاؤنٹس میں براہ راست رقم منتقل کی جائے گی۔‘
وزیراعظم نے کسانوں کے حوالے سے کہا کہ ’ان کے لیے بھی پروگرام لا رہے ہیں۔ کسانوں کو بھی اکاؤنٹس میں براہ راست رقم بھیجی جائے گی۔‘
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب میں مزید کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑے کام ان صوبوں میں ہو رہے ہیں، جہاں تحریک انصاف اقتدار میں ہے۔‘
عمران خان نے صحت کارڈ منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ ’ہر کسی کو ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں۔ ہر شخص اس کارڈ پر 10 لاکھ روپے تک علاج کرا سکتا ہے۔ یہ کارڈ نجی ہسپتالوں میں علاج کے لیے بھی کارآمد ہے۔‘
خیال رہے ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ احساس پروگرام کے تسلسل میں شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت غریب مزدوروں کو موبائل کچن گاڑیوں (احساس فوڈ ٹرکوں) کے ذریعے شہروں میں منتخب مقامات پر خوراک تقسیم کی جائے گی۔ یہ پروگرام پاکستان بیت المال کے زیر انتظام شروع کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں اس پروگرام کا آغاز اسلام آباد اور راولپنڈی سے کیا جا رہا ہے۔ بعد میں اس کا دائرہ کار دوسرے شہروں تک بڑھایا جائے گا۔