شاہی فرامین جاری، نئے عہدیداروں کا تقرر، وزیرحج سبکدوش
معاون وزیر افرادی قوت کو بھی ان کے منصب سے سبکدوش کردیاگیا۔( فوٹو سبق)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعے کو کئی شاہی فرامین جاری کیے ہیں۔
وزیر حج و عمرہ، محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ اور محکمہ جاتی سپریم کورٹ کے سربراہ کو سبکدوش اور نئے عہدیداروں کا تقرر کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بنتن کو وزیر حج و عمرہ کے منصب سے سبکدوش کرکے ڈاکٹرعصام بن سعد بن سعید کو جو وزیر مملکت و رکن کابینہ کے منصب پر فائز تھے انہیں قائم مقام وزیر حج و عمرہ کا چارج دیا گیا ہے۔
شیخ ابراہیم بن سلیمان بن عبداللہ الرشید کو محکمہ جاتی سپریم کورٹ کے سربراہ کے عہدے سے سبکدوش کرکے شیخ علی بن سلیمان بن علی السعوی کو محکمہ جاتی سپریم کورٹ کا نیا سربراہ بدرجہ وزیر مقرر کیا گیا ہے۔
ایک اور شاہی فرمان کےذریعے عبدالھادی بن احمد بن عبدالوھاب المنصوری کو محکمہ شہری ہوابازی کے سربراہ کے عہدے سے ہٹا کر عبدالعزیز بن عبداللہ بن عبدالعزیز الدعیلج کو سربراہ محکمہ شہری ہوابازی بدرجہ وزیر بنایا گیا ہے۔
عبدالھادی بن احمد بن عبدالوھاب المنصوری کو معاون وزیر خارجہ برائے ایگزیکٹیو افیئرز مقرر کیا گیا ہے۔
عبدالعزیز بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز العریفی کو معاون وزیر نقل و حمل مقرر کردیا گیا۔
محمد بن الطویلع بن سعد السلمی کو معاون وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود کے عہدے سے سبکدوش کرکے انجینیئر ماہر بن عبدالرحمن بن ابراہیم القاسم کو نائب وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود برائے شہری خدمات متعین کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سمیر بن عبدالعزیز بن محمد الطیب کو منسٹرز کونسل جنرل سیکریٹریٹ کا مشیر بنایا گیا ہے۔