Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کتوں کی تلفی مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رکنیت معطل ’کیا اب بھی نہیں سمجھے؟‘

سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین نہ ہونے کا معاملہ ایک عرصے سے زیربحث ہے (فوٹو: عارف لودھی ٹوئٹر)
سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کتے کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات کا تدارک نہ کیے جانے پر پیپلزپارٹی کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی تو بڑی تعداد نے اسے تاخیر سے اٹھایا جانے والا اچھا قدم قرار دیا، وہیں کچھ ایسے بھی تھے جو فریال تالپور اور اسد سکندر کی رکنیت معطل ہونے پر ناگواری کا اظہار کرتے رہے۔
معاملے سے متعلق تحریری حکم نامے میں سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے واضح کیا کہ سندھ اسمبلی کے سیکریٹری سے بھی اس حوالے سے جواب طلبی کی گئی تھی لیکن ان کی جانب سے بھی جواب موصول نہیں ہوا جس کے بعد رتوڈیرو اور جامشورو کے ممبران اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
عدالت کی جانب سے سندھ اسمبلی سے دیگر ممبران کے حوالے سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں کتوں کی تلفی کی مہم کی نگرانی کیوں نہیں کر رہے؟
سوشل میڈیا صارفین نے معاملے پر تبصروں کے دوران کہیں خود کو اطلاع آگے بڑھانے تک محدود رکھا تو کہیں معاملہ فوری حل کرنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
 

عدالتی حکم پر تبصرہ کرنے والے صارفین میں کچھ نے خوشی کا اظہار کیا اور اسے عدالتی ذمہ داری کی ادائیگی سے تعبیر کیا۔

کچھ صارفین نے ایم پی اے کے بجائے انتظامی عہدوں پر موجود افراد کے خلاف کارروائی کو ضروری جانا تو کہا کہ ’ایم پی اے کا کام قانون سازی ہے آوارہ کتوں کو سنبھالنا نہیں۔‘

آوارہ کتوں کی موجودگی اور ان سے متعلق مسائل کی وجہ سے پریشان دیگر شہروں کے مکین گفتگو میں شریک ہوئے تو توقع ظاہر کی کہ ’اب دعا ہے سکھر ہائی کورٹ اپنے فیصلے پر قائم رہے۔‘

عوامی مسائل کو نظرانداز کیے جانے پر شکوہ کناں افراد نے خواہش ظاہر کی کہ اب وقت ہے عدالتیں عوامی مفاد میں حکمرانوں کے خلاف سخت فیصلے کریں۔

پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹویپس کو عدالتی حکم پر تحفظات رہے تو کئی صارفین نے رکنیت معطلی کا سامنا کرنے والی رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کو سندھ کا فخر قرار دیا۔

کچھ ٹویپس نے رکنیت معطلی کے موقع پر مقامی حکومتوں کے نہ ہونے اور قومی اسمبلی کے رکن کو کچھ نہ کہنے پر معاملے کے دیگر پہلوؤں پر بھی بات کی۔

سندھ ہائی کورٹ کے سکھر بینچ نے سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے تدارک سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران سندھ اسمبلی کے ان ممبران کی رکنیت معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جن کے حلقے میں کتے کے کاٹنے کے واقعات ختم نہیں ہو رہے تھے، ان ایم پی ایز میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سربراہ فریال تالپور بھی شامل ہیں۔

شیئر: