چار شہروں میں مزید 8 مساجد عارضی طور پر بند
مساجد کو سینیٹائزکرنے کے بعد دوبارہ کھولا جاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مملکت کے چار شہروں میں آٹھ مساجد کو عارضی طورپربند کردیا گیاہے۔ مساجد میں نماز اداکرنے والے 8 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 40 دنوں میں اب تک 319 مساجد کو عارضی طورپربند کیا گیا جن میں سے 306 کی مکمل سینیٹائزنگ کرنے کے بعد انہیں کھول دیا گیا جبکہ باقی مساجد میں سینیٹائزنگ کا عمل جاری ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاض کی دو اور قصیم کی چار جبکہ مشرقی ریجن اور الباحہ میں ایک ایک مسجد میں نماز ادا کرنے والے بعض افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر احتیاطی تقاضے پورے کرتے ہوئے مساجد کو عارضی طورپربند کیا گیا تاکہ انکی مکمل سینیٹائزنگ کی جاسکے۔
خیال رہے سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد کی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی کورونا کیس کی تصدیق ہونے پر فوری طورپر متعلقہ ادارے کو مطلع کیاجائے تاکہ مسجد کو سینیٹائز کیاجاسکے۔
جس مسجد میں نماز کے لیے آنے والے افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے اسے عارضی طورپربند کرکے متعلقہ ٹیمیں مسجد کو مکمل طورپر جراثیم کش ادویات سے صاف کرتی ہیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کوروکا جاسکے۔