ریاض سیزن نے 16 ملین سیاحوں کی شرکت کا ہدف عبور کر لیا
ریاض سیزن نے 16 ملین سیاحوں کی شرکت کا ہدف عبور کر لیا
پیر 13 جنوری 2025 18:49
جنوری 2024 تک وزٹرز کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی۔ فوٹو واس
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے بتایا ہے کہ ریاض سیزن 2024 نے اب تک ایک کروڑ 60 لاکھ سے زائد زائرین کی شرکت کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق گذشتہ ریاض سیزن کے اختتام پر مارچ 2024 تک شرکت کرنے والے وزٹرز کی تعداد 2 کروڑ سیاحوں تک پہنچ گئی تھی۔
گذشتہ سال کے ریاض سیزن میں جنوری 2024 تک یہ تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی۔
اکتوبر 2024 میں شروع ہونے والے ریاض سیزن 2024 نے اپنی رنگا رنگ سرگرمیوں اور نئے متعارف کرائے گئے مقامات کے ذریعے مملکت اور بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔
ریاض سیزن کی غیر معمولی کامیابی میں انٹرنیشنل ریسلنگ اور باکسنگ کے مقابلوں، بین الاقوامی کنسرٹس، انواع و اقسام کے پکوان کے تجربات، خوبصورت باغات اور جدید تفریحی زونز کی وسیع اقسام کو خصوصی شمولیت کے باعث ممکن ہوئی ہے۔
ریاض سیزن 2024 کے دوسرے سمسٹر کے دوران ڈونز آف عربیہ کا افتتاح کیا گیا ہے جو خاص قسم کی کیمپنگ اور سردیوں کے ماحول کے شوقین افراد میں خاصی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔
ریاض سیزن میں بولیوارڈ رن وے کا علاقہ ہوا بازی کے شوقین افراد کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے جس سے ریاض سیزن کے زائرین میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا ریاض سیزن2024 یکم مارچ 2025 تک جاری رہے گا۔